شاہد آفریدی کا ٹانک میں 15 سال سے بند لائبریری بحال کرنے کا اعلان
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے ضلع ٹانک میں 15 برس سے بند لائبریری کو بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
شاہد آفریدی کی جانب سے یہ اعلان ایک ٹوئٹر صارف کی جانب سے توجہ دلانے کے بعد کیا گیا۔ شہری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں نشاندہی کی تھی کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کی واحد لائبریری کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی ہے اور اس کی بحالی کے لیے فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔
It’s heart wrenching to see the only library in District Tank, KP, closed for over 15 years now. Youth is our future & education is paramount to their development. I will ensure restoration of this library with help of my foundation @SAFoundationN #hopenotout #education #saf https://t.co/fbL7Z0Mnhh
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) August 18, 2020
اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کی واحد لائبریری کو 15 سال سے بند دیکھنا انتہائی افسوسناک ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور تعلیم ان کی ترقی کے لیے اہم ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ میں اپنی فاؤنڈیشن کی مدد سے اس لائبریری کی بحالی کو یقینی بناؤں گا جس کے بعد اُمید کی جارہی ہے کہ اس لائبریری کو دوبارہ کھولا جائے گا اور عوام ذمہ دارانہ طریقے سے اسے استعمال کریں گے۔