خیبر پختونخوا

صوابی میں خاتون سے 30 ہزار روپے لوٹنے والا جعلی پیرگرفتار

 

انیس ٹکر
پشاور کے بعد صوابی میں بھی معصوم اور سادہ لوگوں کو تعویز گنڈوں اور جادو ٹونے کے ذریعے لوٹنے والا جعلی پیر گرفتار ہوگیا۔
صوابی پولیس کے مطابق مسماۃ بانو مدعیہ مقدمہ سکنہ پاکستان حال نیدر لینڈ نے افسران بالا کو تحریری کمپلینٹ کی کہ ملزم جعلی پیر شیرغنی نے ان سے کام کرنے کے لیے مبلغ 30 ہزار روپے بذریعہ ویسٹرن یونین صوابی برانچ سے وصول کئے تھے اور بعد میں ان کی کال اٹینڈ نہیں کررہا تھا اور اس کے بعد ان کا نمبر بلیک لسٹ کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی جانب سے آن لائن ایف آئی آر درج کرنے کے بعد پولیس نے ایکشن لیا۔ ڈی پی او صوابی نے ایکشن لیتے ہوئے ڈی ایس پی صوابی نورالامین خان کی قیادت میں ایس ایچ او زیدہ سب انسپکٹر عجب درانی بمع پولیس ٹیم کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے ملزم شیرغنی کو گرفتار کیا۔ جعلی پیر شیر غنی ولد محمد غنی کا تعلق اکا خیل مرغز سے ہے جو اپنے علاقے میں بہت مشہور ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق شیرغنی میاں بیوی کے درمیان محبت پیدا کرنا، گھریلو ناچاقی، پسند کی شادی، جادو ٹونہ وغیرہ اور تعویز وغیرہ کیا کرتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے ملزم نے خاتون سے 30 ہزار روپے لینے کا اعتراف کیا ہے۔ مقامی لوگوں نے پولیس کی اس پیشہ ورانہ اور انصاف پر مبنی کارروائی کو کافی سراہا اور پولیس پر اعتماد کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے پشاور پولیس نے بھی ایک کاروائی کے دوران کرنٹ لگا کر بچے کے جن اتارنے والے جعلی پیر کو گرفتار کیا تھا۔
ایس پی صوابی نے کہاکہ عوام کی جان ومال کی تخفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہے گی کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی اور عوام سے بھی اپیل کی کہ جرائم کے خاتمہ میں پولیس کا ساتھ دیں اور اس قسم کے لوگوں کے متعلق معلومات اور انفارمیشن پولیس کے ساتھ شیئر کریں کیونکہ عوام کے تعاؤن کے بغیر ایک پر امن معاشرہ کا قیام ممکن نہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button