قبائلی اضلاع

ضلع خیبر کی تاریخ میں پہلی خاتون ایم پی اے کمیٹیوں کی ممبر منتخب

ضلع خیبر کی تاریخ میں پہلی بار خاتون ممبر صوبائی اسمبلی بصیرت شنواری نے صوبائی اسمبلی کی 6 قائمہ کمیٹیوں کی ممبر منتخب ہونے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

بصیرت خان نے ضم اضلاع میں یہ اعزاز بھی حاصل کر لیا کہ وہ بیک وقت صوبائی اسمبلی کی 6 قائمہ کمیٹیوں کی ممبر بنیں۔

ان قائمہ کمیٹیوں میں محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ، لوکل گورنمنٹ الیکشن اینڈ رورل ڈویلپمنٹ، پاپولیشن ویلفیئر، زکواة و عشر اینڈ وومن ڈویلپمنٹ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور ہاؤس اینڈ لائبریری شامل ہیں۔

ایم پی اے بصیرت خان شنواری ان تمام قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں میں بحیثیت ممبر شرکت کریں گی اور اپنے ضلع کے عوام کے مختلف مسائل کی نشاندہی کر کے ان کے حل کیلئے کردار ادا کریں گی۔

واضح رہے کہ قبائلی اضلاع کی تاریخ میں پہلی بار خیبرپختونخوا اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات کے بعد سیاسی جماعتوں کی جانب سے خواتین کیلئے مختص چار نشستوں پر اپنی امیدواروں کا اعلان کیا گیا جن میں سے ایک خاتون، بصیرت خان شنواری کا تعلق قبائلی ضلع خیبر سے ہے۔

بصیرت خان شنواری کا نام سابق رکن قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل کے گروپ الحاج کاروان نے الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا۔ قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل لنڈیکوتل سے تعلق رکھنے والی بصیرت خان شنواری ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون ہیں اور پولیٹیکل سائنس اور انٹرنیشنل ریلیشنز میں ماسٹرز ڈگری ہولڈر ہیں، تعلق بنیادی طور پر لنڈی کوتل کے علاقے لواڑگی سے ہے اور جمرود کے ایک آفریدی کے ساتھ ان کی شادی ہوئی ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button