صوبائی حکومت کا سوڑیزئی پشاور میں 20 ہزار گھر تعمیر کرنےکا اعلان
خیبر پختونخوا نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت سوڑیزئی پشاور میں پاکستان ہاوسنگ فاونڈیشن کے اشتراک سے 20 ہزار گھر تعمیر کرنے کا اعلان کر دیا، وزیر ہاؤسنگ کے مطابق جس کی قرعہ اندازی کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، منصوبے پر 97 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔
مشیر اطلاعات وبلدیات کامران بنگش کے ہمراہ محکمہ ہاؤسنگ کی دو سالہ کارکردگی کے حوالے سے پشاور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ حکومت نے کم آمدن رکھنے والے افراد کے لئے گھروں کی سہولت ممکن بنانے کے لئے بینک ہوم فنانس کی سہولت متعارف کی ہے تاکہ گھروں سے محروم افراد کے لئے چھت کی سہولت ممکن بنائی جا سکے۔
اس موقع پر سیکرٹری ہاوٗسنگ داود خا ن اور ڈی جی پروانشل ہاوسنگ اتھارٹی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں ہاوٗسنگ کے شعبے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، گھروں کی تعمیر سے صوبے میں صنعتوں کو فروغ حاصل ہو گا اور ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ہاوسنگ کا مقصد شہریوں کیلئے گھروں کی تعمیر اور پلاٹس کی فراہمی سے منافع کمانا نہیں، بلکہ شہریوں کو مناسب قیمت پر بغیر منافع کے گھروں کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
ویر ہاؤسنگ کے مطابق سوڑئزئی ہاؤسنگ سکیم میں میڈیا کے لئے دو فیصد کوٹہ مختص کیا ہے، جبکہ جلوزئی ہاؤسنگ سکیم میں بھی میڈیا کے لئے کوٹہ رکھ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جلوزئی ہاوسنگ سکیم میں تقریبا 85 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے، پلاٹس کا قبضہ دسمبر میں دیا جائے گا، جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کے ساتھ مزید پانچ ہزار کنال اراضی شامل کی جائے گی۔
ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت مختلف اضلاع کی انتظامیہ کو اراضی کی نشاندہی کے لئے مراسلے ارسال کیے گئے ہیں، محکمہ ہاوسنگ نے صوبے کی زرعی زمینوں پر کسی قسم کی ہاؤسنگ سکیم نہیں بنائی، تمام سکیمز بنجر زمینوں پر قائم کی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی کے اشتراک سے نشتر آباد میں 550 فلیٹس پر مشتمل 20 منزلہ عمارات تعمیر کی جائے گی جس پر 15 ارب روپے کی لاگت آئے گی، سرکاری ملازمین کے لئے فیز فائیو حیات ٓاباد میں 144 فلیٹس پر تقریبا 90 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ سرکاری ملازمین کے لئے سول کورٹر روڈ کوہاٹ پر 96 فلیٹس کا منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے جو 2022 میں مکمل ہو گا۔
مشیر اطلاعات وبلدیات کامران بنگش کا پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صوبے میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیمز کے خلاف ایف آئی اے کو مراسلہ ارسال کیا ہے، صوبے میں غیر قانونی ہاوسنگ سکیمز کے حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہاؤسنگ کے شعبہ کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے ایک تفصیلی ایجنڈا دیا ہے، موجودہ حکومت میں گھروں کی تعمیر کے حوالے سے خصوصی توجہ دی گئی ہے، سابقہ حکومتوں نے ہاؤسنگ کے شعبے میں نعروں کے علاوہ عملی طور پر کچھ نہیں کیا جبکہ موجودہ حکو مت نے صوبے میں دو ہائی رائز عمارتوں کی تعمیر کی منظوری دی گئی ہے۔