اب خیبر پختونخوا کے تمام عوام کا علاج مفت ہو گا
وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ کا افتتاح کردیا جس کے تحت پورے صوبے کے عوام مفت علاج کرسکیں گے۔
خیبرپختونخوا میں صحت انصاف کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کا اجرا حکومت خیبرپختونخوا کا ایک بڑا اقدام ہے اور اس کے اجرا سے ہر خاندان کو 10 لاکھ تک مفت علاج کی سہولت میسرہوگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو ہم میں سے اللہ پر ایمان رکھتے ہیں اور جن کا ایمان ہے کہ جو بھی کامیابی اور عزت ہو وہ اللہ کی طرف سے آتی ہے لیکن اس کے لیے محنت کرنی پڑتی ہے اور اللہ کو خوش کرنا پڑتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ کوئی چیز اللہ کو اس سے زیادہ خوش نہیں کرتی کہ جب آپ اللہ کی مخلوق کی خدمت کرتے ہیں اور اس سے بڑی کوئی خدمت ہو ہی نہیں سکتی۔
Here's what Pakhtunkhwa's #HealthInsurance4All programme, launched by the PM today, will cover.
Inpatient services, breast cancer screening, cover for maternity and hospital transportation, and critical care such as cancer treatment and cardiovascular surgeries. For everyone. pic.twitter.com/erUCPmQDUP— Taimur Khan Jhagra (@Jhagra) August 20, 2020
وزیراعظم نے کہا کہ کسی غریب گھرانے میں بیماری ہو اور ان کے پاس علاج کرانے کے لیے پیسہ نہ ہو تو وہ خطِ غربت سے بھی نیچے چلے جاتے ہیں اور ان کا سارا بجٹ ڈوب جاتا ہے وہ پیسہ جو انہوں نے کھانا کھانے یا بچوں کو پالنے کے لیے رکھا ہوتا ہے وہ علاج میں خرچ ہوجاتا ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے اسی سوچ سے شوکت خانم کینسر ہسپتال کی بنیاد رکھی تھی۔ عمران خان نے کہا کہ جب غریبوں کے لیے کام کیا جاتا ہے تو اللہ تعالیٰ برکت ڈال دیتا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ خیبرپختونخوا کو دیکھ کر دیگرصوبوں میں بھی صحت انصاف کارڈ دینےکے لیے دباؤ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں کے عوام بھی چاہیں گے کہ جب خیبر پختونخوا یہ کرسکتا ہے تو ہمیں بھی صحت کارڈ دیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم پنجاب جہاں ہماری حکومت ہے وہاں بھی ہر خاندان کو صحت کارڈ دینے کے لیے زور لگائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ اس کے علاوہ بلوچستان جہاں ہماری اتحادی حکومت ہے وہاں بھی صحت کارڈ کے اجرا کے لیے زور دیں گے جس سے خود بخود سندھ پر بھی اس حوالے سے دباؤ پڑجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بھی جب صحت کارڈ کے لیے دباؤ بڑھے گا تو وہاں یہ آسان ہوگا کیونکہ آبادی کم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ سے سرکاری ہسپتالوں میں اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے پریشر بڑھے گا اور نجی ہسپتال بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے جس کے نتیجے میں ہمارا نظام صحت بہتر ہوگا۔