پشاور آنے والی مسافر بس کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق
لاہور سے پشاور آنے والی مسافر بس نوشہرہ کے قریب کھائی میں گرنے سے کم از کم 5 افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوگئے ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق پشاور موٹروے پر جبہ داودزئی کیمپ کورونہ کے قریب مسافر کوچ ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے الٹ کر گہری کھائی میں جاگری۔
ریسکیو 1122 نوشہرہ، پشاور ، چارسدہ اور مردان کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہیں جبکہ زرائع کے مطابق اب تک 7زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے نوشہرہ کے انچارج ڈاکٹر میر عالم کے مطابق جابحق افراد کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔
تھانہ اکبرپورہ کے ایس ایچ او کے مطابق لاہور سے پشاور جانے والی بدقسمت کوچ نمبر LES-388 کو نوشہرہ کی حدود جبہ داؤد زئی کے مقام پر حادثہ پیش آیا اور الٹ کر کھائی میں جاگری ہے، کوچ میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔
عوام کی بڑی تعداد ریسکیو اور پولیس اہلکاروں کی امدادی کاموں میں بھرپور تعاون کررہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے مطابق پشاور اور نوشہرہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی لگا دی گئی ہے۔