خیبر پختونخوا

بی آرٹی کے سٹیشنوں پر مسافروں کی توڑ پھوڑ کی ویڈیوز وائرل

پشاور میں بی آرٹی کے سٹیشنوں پر مسافروں کی توڑ پھوڑ کی ویڈیوز وائرل ہو گئیں۔ ویڈیو میں ایک مسافر کو بی آر ٹی بس کی چھت پر چڑھتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ ایک جگہ شہریوں کو جنگلا پھلانگ کر مین کوریڈور میں آتے دیکھا جا سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک اور ویڈیو میں مسافروں کو بی آر ٹی کے سفری کارڈز کے بغیر اندر داخل ہوتے بھی دیکھا جاسکتا ہے جب کہ سوشل میڈیا پر بی آر ٹی بسوں کی پھٹی ہوئی سیٹوں کی تصاویر بھی وائرل ہو رہی ہیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے بی آر ٹی پشاور کا افتتاح کیا تھا جب کہ گزشتہ روز بی آر ٹی پشاور کی سیکیورٹی پر مامور گارڈ کی پٹائی کی تصاویر بھی منظر عام پر آئی تھیں جس کے بعد بی آر ٹی کے سٹیشنوں پر سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے میگا پراجیکٹ بی آر ٹی کا سنگ بنیاد اکتوبر 2017 میں سابق وزیراعلیٗ پرویز خٹک کے دور حکومت میں رکھا گیا جس کی تکمیل کے لیے 6 ماہ کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی تاہم اس دوران کم وبیش 8 مرتبہ منصوبے کے افتتاح کے حوالے سے ڈیڈ لائنز دی گئیں۔

منصوبے پر لاگت کا ابتدائی تخمیہ 49 ارب روپے لگایا گیا تھا تاہم منصوبے کے ڈیزائن میں نقائص کے باعث اس میں دو درجن سے زائد مرتبہ تبدیلیاں لائی گئیں جس سے اس کی لاگت 71 ارب روپے سے تجاوز کرگئی۔

 حکومت کا دعویٰ ہے کہ منصوبے کو مقررہ وقت سے پہلے ہی مکمل کرلیا گیا ہے۔ بی آرٹی منصوبے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک سے آسان شرائط پر قرضہ لیا گیا ہے اور  منصوبے کی لاگت کا 15 فیصد حصہ صوبائی حکومت نے ادا کیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button