قومی

وادی تیراہ تا وادی سوات جشنِ آزادی کی تقریبات

ملکِ عزیز کے 74ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا اور نئے ضم شدہ اضلاع میں بھی جشن آزادی پوری قومی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا اور اس سلسلے میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

بڑی تقریب وادی سوات میں

یوم آزادی کے حوالے سے سوات کی وادی مالم جبہ میں جشن آزادی کی بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیر اعظم کے مشیر عثمان ڈار نے پرچم کشائی کی اور مالم جبہ میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا بھی افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر اسکی ریزورٹ پر رنگارنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم کے مشیرعثمان ڈار تھے جبکہ اس موقع پر ایم پی اے عادل اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ عمران خان کے سرسبز پاکستان کا خواب پورا کریں گے، اس بار 10 ارب پودے لگانے سے موسمیاتی تغیرات کے منفی اثرات کم ہوں گے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ پاک فوج، محکمہ جنگلات اور اسکی ریزورٹ کے تعاون سے 6 ہزار پودے لگائے جائیں گے، وزیراعظم عمران خان کے نوجوانوں کے لئے یوتھ پروگرام کے تحت ایک ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

یومِ آزادی، لنڈیکوتل میں 15 فٹ چوڑا 60 فٹ لمبا کیک

لکہ مروت میں قومی جھنڈا لہرانے سے قبل ہی قومی ترانہ

طارق جمیل اور ریشم سمیت 184 شخصیات کیلئے پاکستان سول ایوارڈز کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا گیا ہے اور کرونا وائرس کے دوران کامیاب پالیسی کے باعث اب معیشت بھی بہتر ہو رہی ہے، تقریب کے دوران اسسٹنٹ کمشنر حامد بونیرے نے عثمان ڈار کوروایتی یادگاری شیلڈ دی، بعدازاں عثمان ڈار نے ٹائیگر فورس کے جوانوں کے ہمراہ پودے لگا کر مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا۔

ضلع کرم میں رنگا رنگ تقریبات

پاراچنار سمیت ضلع کرم کے دیگر علاقوں میں بھی جشن آزادی کے حوالے سے رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور جشن آزادی ریلی نکالی گئی۔

ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار کے گورنر ہاؤس میں ڈپٹی کمشنر شاہ فہد نے پرچم کشائی کر کے تقریب کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او محمد قریش خان اور کمانڈنگ آفیسر پاک آرمی کرنل جاوید اعوان اور قبائل راہنما حاجی سردار حسین نے بھی خطاب کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ قبائل کی حب الوطنی بے مثال ہے اور ہر محاذ پر قربانی اور پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت قبائل کا امتیاز ہے۔

اس موقع پر تاجروں کی جانب سے جشن آزادی ریلی نکال گئی اور شہر میں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، پاراچنار، صدہ اور علیزئی کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور جگہ جگہ سبز ہلالی پرچم آویزاں کئے گئے تھے۔

ضلع مہمند میں جشنِ آزادی

ضلع مھمند میں بھی جشن آزادی کے سلسلے میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، پیڈکوارٹر غلنئی ڈی سی آفس میں منعقدہ تقریب میں ایم این اے ساجد خان، ڈی سی افتخار عالم، ڈی پی او طارق حبیب، اسسٹنٹ کمیشنرز، علاقائی مشران، قومی اداروں کے سربراہان اور اہلکاروں کے علاوہ سپورٹس اینڈ کلچر منیجر سعید اختر، سکولوں کے طالبعلموں اور صحافی حضرات نے شرکت کی۔

ڈی سی افتخار عالم خان نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر مقامی پولیس نے سلامی دی اور قومی ترانہ پیش کیا گیا جس کے بعد ایک منٹ کے لئے خاموشی اختیار کی گئی۔

تقریب سے ملک صاحب داد، ڈی پی او طارق حبیب، ایم این اے ساجد خان اور ڈی سی افتخار عالم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان اور قومی مشران کی لازوال قربانیوں نے آج اس ملک کو ایٹمی طاقت بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مھمند قبائل نے کشمیر جہاد میں حصہ لیا تھا اور آج بھی کشمیر کے جہاد کے لئے تیار ہیں، ملک کی سالمیت کا دفاع ہر صورت میں کریں گے، اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کی ترقی میں ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔

تقریب کے دوران مزاحیہ اداکار عضیر شیرپاؤ نے شھید لیویز اہلکار تاج اکبر کا خاکہ پیش کر کے تقریب میں شامل سب لوگوں کو رلا دیا، آخر میں ملک کی ترقی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

ضلع اورکزئی میں آزادی ریلی 

ڈی سی آفس اورکزئی میں یوم آزادی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب میں ڈی سی واصل خان خٹک، ڈی پی او نثار احمد خان، سینٹر اورنگزیب اورکزئی اور صوبائی مشیر غزن جمال نے پرچم کشائی کی۔

یوم آزادی کی مناسبت سے ڈی سی آفس سے مین جی ٹی روڈ تک ریلی نکالی گئی جس میں قبائلی عمائدین اور سکول کے طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب پرچم کشائی سے خطاب کرتے ہوئے سینٹر اورنگزیب اورکزئی، صوبائی مشیر غزن جمال، ڈی سی واصل خان خٹک، ڈی پی او نثار احمد خان نے کہا کہ ملک کی آزادی کیلئے ہمارے اکابرین نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ہم سب نے ملکر ملک کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، قبائلی عوام نے ہمیشہ ملک کے خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا ہے، قبائلی عوام نے کشمیر آزاد کیا ہے، مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی، قبائلی عوام اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت آج ہم امن کی فضا میں سانس لے رہے ہیں۔

اسی طرح ضلع ہنگو میں بھی یوم آزادی کی مناسبت سے ایک پر وقار تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر منصور ارشد خٹک ڈی ایس پی حافظ نذیر نے پرچم کشائی کی جبکہ لیوی کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب میں سکول کے بچوں نے ملی نغمے اور قومی ترانے پیش کئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی منصور ارشد، اقلتی ایم پی اے رنجیت سنگھ اور علاقہ عمائدین نے کہا کہ ہمارا پیارا وطن بہت سی قربانیوں کے بعد آزاد ہوا ہے، اب ہم سب نے ملکر اس ملک کو ترقی یافتہ ممالک میں شامل کرنا ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی اور انشاءاللہ ایک دن ایسا آئے گا کہ کشمیر آزاد ہو گا اور پاکستان کے ساتھ ایک آزاد ریاست ہو گی۔

وادی تیراہ میں بھی آزادی  کا جشن

اسی طرح ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے دور افتادہ علاقے تیراہ میدان میں برقمبر خیل خواجل خیل مرکز میں بھی اورکزئی سکاؤٹس کی زیرگرانی جشنِ آزادی کے سلسلے میں تقریب منعقد کی گئی۔

کمانڈر 105 بریگیڈ بریگیڈیئر وقاص احمد قریشی نے جشن آزادی کی تقریب سے اپنے میں کہا کہ ملک کی سلامتی اور دفاع کیلئے مل کر کام کر کے ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنائیں گے، تیراہ سے پسماندگی کا خاتمہ کر کے ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، تیراہ سیرو سیاحت کا مرکز بنے گا۔

تقریب میں کمانڈنٹ اورکزئی سکاؤٹس لیفٹننٹ کرنل عامر سلیم، تحصیلدار تیراہ داؤد آفریدی ایس ایچ او تیراہ جاوید آفریدی، فورسز کے افسران علاقائی مشران جوانوں اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔

یوم آزادی تقریب کا باقاعدہ آغاز بریگیڈیئر وقاص احمد قریشی نے یادگار شہداء پر پھول اور پرچم لہرا کر کیا گیا۔ تقریب میں فورسز اور مقامی لوگوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص پیش کیا۔

اس موقع مختلف قسم کے کھیل ملی نغمے پیش کئے گئے، مختلف قسم کے سٹال لگانے گئے جن میں ہاتھ سے بنی ہوئی اشیاء دلچسپی کا باعث بنیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر نے کہا کہ آزادی کی نعمت ان سے پوچھیں جو محکوم ہیں، تیراہ کے عوام پرامن اور محب وطن ہیں ان کی حب الوطنی پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی تقریب میں جس طرح جوش و جذبے سے انہوں نے شرکت کی اس پر وہ داد کے مستحق ہیں، آزادی کی اس تقریب میں شرکت سے ظاہر ہے کہ تیراہ کے پسماندہ عوام ترقی کے خواہاں اور ان شاءاللہ تیراہ بہت جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا اور مل کر تیراہ کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں گے۔

اس موقع پر انہوں نے یوم آزادی کے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔

اسی طرح ضلع خیبر میں ہی پی کے 105 سے ایم پی اے شفیق شیر افریدی اور 106 سے ایم پی اے بلاول افریدی نے لنڈیکوتل پریس کلب میں 74ویں یوم آزادی کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ازادی ایک بڑی نعمت ہے، اس کی قدر کرنا ھم سب پر فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب پاک آرمی اور ملک کے تمام اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں، آزادی کی خوشی میں جمرود میں کیک کاٹا جمرود اور لنڈیکوتل کے مختلف مقامات پر تقریبات منعقد کئے اور سبز ہلالی پرچم تھامے لنڈیکوتل سے طورخم تک ریلی نکالی گئی، پاکستان زندہ باد اور پاک آرمی زندہ باد کے نعروں کی گونج میں طورخم کی طرف روانہ ہوئے۔

دوسری جانب گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول پائندی للمہ ملاگوری ضلع خیبر میں SoPs کے تحت ہوم آزادی کی خوشی میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وائس پرنسپل محمد عثمان، انچارج آرمان گل ملاگوری، سینئر استاد وہیم گل، مولانا صفی اللہ اور اساتذہ کرام اور طلبہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کے دفاع کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، علاقہ معززین نے سکول پرنسپل محمد عثمان کو تقریب کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سے انہیں بہترین خدمات پر خصوصی شیلڈ دینے کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ جشن آزادی کے سلسلے میں باب خیبر کے مقام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا تھا، باب خیبر کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا، ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور پاک فوج اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button