لکی مروت، یومِ آزادی کی تقریب میں قومی پرچم لہرانے سے قبل قومی ترانہ
لکی مروت میں جشن آزادی کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر لکی مروت عبد الحسیب تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریب انتہائی بدنظمی کاشکار رہی، پہلے قومی پرچم میں پھولوں کی چند پتیاں لپیٹ کر بلند کیا گیا تو ہک تک پہنچنے سے پہلے ہی درمیان میں قومی پرچم کھل گیا جس کی وجہ سے گنتی کی پتیاں نچھاور ہو گئیں بعد میں انہیں دوبارہ جمع کر کے کچھ سبزپتیاں شامل کر کے قومی پرچم بلند کیا گیا، اس دوران انتہائی بدانتظامی اور بدنظمی کی وجہ سے قومی پرچم لہرانے سے قبل ہی قومی ترانہ بجایا گیا۔
ذرائع کے مطابق جب ڈپٹی کمشنر لکی مروت عبدالحسيب خان نے قومی پرچم لہرانے کیلئے اس کی ڈوریاں کھینچنے کی کوشش کی تو وہ نہیں کھل رہی تھیں، بعدازاں موجود دیگر افسران کی نشاندہی پر کھینچنے والی ڈوری مل گئی لیکن ڈوری ملنے کے بعد جب ڈپٹی کمشنر عبدالحسیب خان نے قومی پرچم لہرایا تو وہ الٹا لہرا رہا تھا۔
اس دوران ڈپٹی کمشنر عبدالحسیب خان، اے ڈی سی اور تینوں سب ڈویژنوں کے اے سیز سمیت محکمہ تعلیم، پولیس اور ریسکیو 1122 حکام سمیت کسی کو بھی قومی پرچم الٹا نظر نہیں آیا۔
واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر سرکاری تقریبات میں اپنے چہیتے سرکاری ملازم صحافیوں کو ہی دعوت دیتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر تقریبات میں مین سٹریم میڈیا کو نظرانداز کیا جاتا ہے۔
قومی پرچم صبح 9 بجے سے سہ پہر تین بجے تک الٹا ہی لہراتا رہا، اس دوران ڈیلی لکی نیوز نامی فیس بک پیج پر جب اعتراضات آنے لگے تب ڈپٹی کمشنر لکی مروت عبدالحسيب خان کے نوٹس میں لا کر اس غلطی کی درستگی کی گئی۔