وزیراعظم کا ڈوگرہ ہسپتال باڑہ کا دورہ، احساس نشوونما پروگرام کا افتتاح
وزیر اعظم عمران خان نے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں ڈوگرہ ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے احساس نشوونما پروگرام کا افتتاح بھی کیا۔
واضح رہے کہ احساس نشوونما پروگرام ڈبلیو ایچ او اور ورلڈ فوڈ کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، وزیر اعلی محمود خان نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا، ان کے ہمراہ گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان خان، وفاقی وزیر نورالحق قادری، احساس نشوونما پروگرام کی چیئرپرسن ثانیا نشتر سمیت دیگر وزراء، منتخب نمائندہ گان اور ڈی سی خیبر محمود اسلم وزیر بھی موجود تھے۔
ڈوگرہ ہسپتال میں احساس پروگرام چیئرپرسن ثانیا نشتر نے وزیر اعظم کو بریفنگ دی اور بتایا کہ احساس نشوونما تین سالہ پروگرام کے لئے 8 ارب 52 کروڑ روپے مختص کر دیئے گئے ہیں۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بچوں کی نشوونما کے لئے 9 اضلاع میں 33 احساس مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں بچیوں کے لئے 2000 اور بچوں کے لئے 1500 روپے مختص کئے گئے ہیں۔
انہیں مزید بتایا گیا کہ احساس نشونما پروگرام کے لئے خیبر، اپردیر، باغ، غذر، ہنزہ، چارمنگ، خاران، بدین اور راجن پور کے اضلاع شامل ہیں، مستحقین کو صحت بخش غذا کی فراہمی کے ساتھ سہ ماہی نشونما وظیفہ دیا جائے گا، احساس نشوونما پروگرام کے تحت 9 اضلاع میں مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے بچے کو پولیو کے قطرے پلاکر انسداد پولیو مہم کا آغاز بھی کیا۔