لنڈیکوتل، 120 مستحق خاندانوں میں 240 بکریاں تقسیم
وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی طرف سے اے آئی پی پروگرام کے تحت ضلع خیبر کی تحصیل لنڈیکوتل کے 120 مستحق خاندانوں میں 240 بکریاں تقسیم کر دی گئیں۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق اس حوالے سے لنڈی کوتل حیوانات ہسپتال میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ممبر صوبائی اسمبلی ویلسن وزیر، ممبر صوبائی اسمبلی شفیق شیر آفریدی، ممبر صوبائی اسمبلی بصیرت بی بی، ڈائریکٹر لائیو سٹاک آفتاب احمد، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء حاجی ضرب اللہ شینواری، عدنان شینواری، عظمت علی شینواری، سجاد شینواری، انعام آفریدی، ڈاکٹر عبدالمنان اور دیگر علاقہ مشران بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی ویلسن وزیر نے کہا کہ مذکورہ پروگرام وزیر اعظم پاکستان عمران خان وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی جانب سے اے آئی پی کے تحت قبائلی اضلاع کے غریب عوام کے لئے ہے جو کہ دس سالہ پروگرام ہے جبکہ مذکورہ پروگرام وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری کی خصوصی دلچسپی کے تحت ضلع خیبر لنڈیکوتل لایا گیا تاکہ علاقے کے غریب اور مستحق خاندانوں کو بھیڑ بکریاں مل جائیں۔
ایم پی اے ویلسن وزیر نے کہا کہ آج لنڈی کوتل سب ڈیوژن میں مذکورہ پروگرام میں 120 غریب اور مستحق خاندانوں میں 240 بکریاں تقسیم کر دی گئیں، ہر خاندان کو 2 بکریاں مل گئیں جبکہ کرسچن کمیونٹی کے دس غریب خاندانوں کو بھی بکریاں دی گئیں، آنے والے مہینوں میں مزید غریب افراد کو بکریاں ملیں گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان قبائلی علاقوں کی ترقی میں بہت دلچسپی لیتے ہیں اور ان کا وژن ہے کہ قبائلی علاقوں میں زیادہ ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو جائے تاکہ قبائلی علاقوں میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع اور عوام کی مشکلات میں کمی آ سکے اور عوام بہتر زندگی گزار سکیں۔
بکریاں تقسیم کرنے پر علاقے کے غریب عوام نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور بالخصوص وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیرنورالحق قادری کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور ان کے اس اقدام کو سراہا۔