بلآخر بی آرٹی کا منصوبہ مکمل ہوگیا، افتتاح کے لیے تاریخ کا اعلان آج ہوگا
پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبہ مکمل ہوگیا ہے اور اس کے افتتاح کے لیے تاریخ کا اعلان آج وزیراعلیٰ محمود خان خود کریں گے۔
ذرائع کے مطابق بی آرٹی کا افتتاح 13 اگست کو کیا جائے گا اور تقریب میں وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی ہوں گے۔
وزیراعلیٰ محمود خان کے معاون خصوصی برائے بلدیات و اطلاعات کامران بنگش نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے لوگوں کو منصوبہ مکمل ہونے کی مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ یہ منصوبہ عوام کے لیے ایک گیم چینجر کی طرح ثابت ہوگا۔
یہ منصوبہ تحریک انصاف کے گزشتہ دورِ حکومت میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے شروع کیا تھا جو کئی تاریخوں کے باوجود مکمل نہیں ہو سکا۔
اکتوبر 2017ء میں شروع ہونے والے اس منصوبے کو خیبر پختونخوا حکومت نے 6 ماہ کے اندر مکمل کرنے کا دعویٰ کیا تھا جب کہ منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 49 ارب روپے لگایا گیا جو 71 ارب روپے سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔
5 دسمبر 2019 کو پشاور ہائی کورٹ نے بی آرٹی منصوبے سے متعلق اپنے تفصیلی فیصلے میں کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کسی وژن اور منصوبہ بندی کے بغیر یہ منصوبہ شروع کیا۔ تاہم بی آرٹی منصوبے کا افتتاح کرنے کے لیے نو بار تاریخ دی گئی لیکن اس کا افتتاح نہیں ہوسکا تھا۔
وزیراعظم نے جون 2020 میں پشاور بس ریپڈ منصوبے کا افتتاح کرنا تھا لیکن کورونا وائرس کے سبب تاخیر کی گئی۔ اب 13 اگست کو بی آر ٹی پشاور کا باضابطہ طور پر افتتاح کردیا جائے گا۔