صوبائی وزیرِ بہبود آبادی کی اپنی آبادی بجلی و پانی سے محروم، دکاندار برسراحتجاج
لکی مروت میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر ہشام انعام اللہ خان کے آبائی گاؤں غزنی خیل اڈہ پر بجلی اور پانی نہیں ہے. دکاندار سراپا احتجاج بن گئے۔
لکی مروت میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر ہشام انعام اللہ خان کے آبائی گاؤں غزنی خیل کا اڈہ گزشتہ 20 سالوں سے بجلی اور پانی کی سہولیات سے محروم ہے، اس سلسلے میں دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر ہشام انعام اللہ خان سے مطالبہ کیا ہے کہ دس دنوں میں بجلی اور پانی کا مسئلہ حل کیا جائے۔
احتجاجی مظاہرے سے ملک رفیق خان، ملک مہربان، شریف اللہ خان، سابق کونسلر گل فراز خان اور دیگر مقررین نے کہا کہ یہاں سینکڑوں دکانیں بجلی اور پانی کے بغیر ہیں، ہم نے صوبائی وزیر ہشام خان کو ووٹ اپنے مسائل حل کرنے کیلئے دیئے تھے لیکن اب وہ مڑ کر بھی نہیں دیکھتے، آئندہ انتخابات میں ووٹ کیلئے کیسے آئیں گے۔
انہوں نے صوبائی حکومت اور صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر ہشام انعام اللہ خان کو دس دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بجلی اور پانی کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو وہ پشاور کراچی انڈس ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیں گے۔