خیبر پختونخوا

صوابی، گھریلو تنازعہ پر ملزم نے والد، نانا اور ماموں کو قتل کر دیا

صوابی کے علاوہ زیدہ میں گھریلو تنازعہ پر نوجوان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے والد، نانا اور ماموں کو قتل کر دیا۔

پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں اور مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔

محمد علی ولدسراج محمد سکنہ زیدہ نے تھانہ زیدہ میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے والدین کے ہمراہ معمول کے مطابق اپنے گھر واقع پوٹھار نہربانڈہ میں ہفتہ کی شب سویا ہوا تھا جبکہ گھر کے اندر لائٹس آن تھیں۔ اتوار کو 1.20 بجے میرا بھانجا عالم خان ولدعالم زیب خان مسلح گھر کے اندر داخل ہو ا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں میرا والد سراج محمد اور بھائی 29 سالہ انور علی موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ میں بال بال بچ گیا اور بوجہ خالی ہاتھ کچھ نہیں کر سکا۔ بعد ازاں ملزم عالم خان اپنے گھر گیا جہاں سوئے ہوئے باپ عالم زیب خان پر بھی فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں وہ بھی موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

رپورٹ میں، وجہ عناد گھریلو تنازعہ بیان کی گئی ہے۔ زیدہ پولیس نے مبینہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی مانیری پایاں صوابی میں سابقہ دشمنی کی بناء پر مسلح افراد کی فائرنگ سے راہگیر سمیت 5 نوجوان جاں بحق ہو گئے تھے، مقتولین میں دو کا تعلق چارسدہ سے ہے جن میں ایک پولیس کو قتل کے مقدمہ میں مطلوب تھا، پولیس نے واردات میں ملوث 2 ملزمان کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی تھی۔

علاوہ ازیں پشاور کے علاقے چمکنی میں بھی گھریلو تنازعہ پر ایک ناخلف بیٹے نے اپنے سگے باپ کو قتل کر دیا تھا، ملزم پولیس کی حراست میں اور اپنے جرم کا اعتراف کر چکا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button