‘پی آئی اے کے طیارے بہت جلد ایک بار پھر یورپی ممالک میں اڑیں گے’
وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان یورپیئن یونین ایئر سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) کی جانب سے پی آئی اے پر عائد کردہ پابندیوں کے خلاف اپیل کرے گا۔
پی ٹی آئی کے ریجنل پبلک سیکریٹریٹ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم ای اے ایس اے کی جانب سے ظاہر کیے گئے حفاظتی خدشات کو دور کریں گے، ہمارے پاس اپیل کے لیے 2 ماہ کا وقت تھا، پی آئی اے کے طیارے جلد یورپی ممالک میں اڑیں گے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں وزیر ہوابازی کی جانب سے پی آئی سے کے 150 پائلٹس کے لائسنس مشکوک قرار دیئے جانے پر ای اے ایس اے نے یورپی ممالک کے لیے پی آئی اے کی پروازوں پر 6 ماہ کی پابندی عائد کردی تھی جس کا اطلاق 4 جولائی سے ہوا تھا اور اس فیصلے کے خلاف اپیل کا حق بھی دیا گیا تھا۔
غلام سرور خان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت یورپی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے چارٹر طیاروں کا بندوبست کررہی ہے اور ’پابندی کے باوجود کینیڈا کے لیے پی آئی اے کی پروازیں جاری ہیں‘۔
مشکوک لائسنس والے پائلٹس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیر ہوابازی کا کہنا تھا کہ اب تک 219 پائلٹس کو گراؤنڈ جبکہ 28 کو برطرف کیا جاچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پائلٹس پی ٹی آئی دور حکومت میں بھرتی نہیں کیے گئے، پی ٹی آئی گزشتہ حکومتوں کا پھیلایا ہوا بکھیڑا صاف کررہی ہے انہوں نے قومی ایئر لائن کو دنیا کی بہترین ایئر لائنز میں شامل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے بدقسمت طیارے اے-320 کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر ہوا بازی نے کہا کہ ہر مسافر کی انشورنس کی رقم 50 لاکھ روپے تھی جسے حکومت نے بڑھاوانے میں کامیاب ہوگئی ہے جبکہ 10 لاکھ روپے مسافروں کے ورثا کو دیے جاچکے ہیں۔