”جہاں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں”
کمانڈر سیکٹر ہیڈکوارٹر ساؤتھ نے کہا ہے کہ ٹانک میں پائیدار امن کی بحالی اور خوشحالی میں ایف سی ساؤتھ اور پاک فوج کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹانک میں امن کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو بے راہ روی سے بچانےاور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کر کے خصوصی اقدامات اٹھا رہا ہے تاکہ ٹانک کا نوجوان بھی کھیلوں کے مقابلوں میں اپنا لوہا منوا کر ملک و قوم اور علاقہ کا نام روشن کر سکے۔
اسی حوالے سے ہفتہ کے روز سیکٹر کمانڈر ساؤتھ نے کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے پچاس فٹبال کلبوں میں 64 فٹبال تقسیم کئے، سیکٹر ہیڈ کوارٹر ساؤتھ کی طرف سے مذکورہ اقدام ٹانک زلمی کے زمان بیٹنی کی درخواست پر اٹھایا گیا تھا۔
فٹبالوں کی تقسیم کے دوران کھلاڑیوں نے ہیڈ کوارٹر ایف سی ساؤتھ اور سیکٹر ہیڈکوارٹر ساؤتھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس اقدام سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں، کھلاڑیوں نے اس امر کا اظہار کیا کہ سیکٹر ہیڈکوارٹر ساؤتھ ٹانک میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو دوام بخشنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ یہاں کے کھلاڑی بھی کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھتے ہوئے اپنا لوہا منوا کر معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔