قومی

سمارٹ لاک ڈاؤن ختم، پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرین اور ایئرلائنز آپریشن مکمل بحال

وفاقی حکومت نے کورونا صورتحال میں بہتری کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرین اور ایئرلائنز آپریشن مکمل بحال کر دیا ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ٹرانسپورٹ، ٹرین اور فضائی سفر کو مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے، 30 ستمبر تک ٹرینوں اور ہوائی سفر کیلئے ایس اوپیز برقرار رہیں گے جبکہ یکم اکتوبر سے جہاز میں لوگ نارمل انداز میں سفر کر سکیں گے۔

انہوں نے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ حکومت نے کورونا پر قابو پانے کیلئے زبردست اقدامات اٹھائے، لاک ڈاؤن پھر سمارٹ لاک ڈاؤن کا سسٹم آیا، ہم نے ایک مربوط حکمت عملی بنائی، انٹرنیشنل جریدوں میں بھی پاکستان کی تعریف کی جا رہی ہے، پاکستان نے زبردست کام کیا ہے، ان سب چیزوں کو دیکھتے ہوئے کچھ سیکٹرز کو بند کیا ہوا تھا، آج این سی اوسی نے فیصلہ کیا ہے کہ جس کی سفارشات پر قومی رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ تعلیمی ادارے 15ستمبر کو ایک تاریخ دی گئی ہے، آخری نظرثانی 7 ستمبر کو اجلاس ہوا، جس میں پھر جائزہ لیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات کو کل سے کھول دیا جائے گا، سیاحتی مقامات کے ریسٹورانٹس اور ہوٹلز کو 8 اگست کو کھول دیا جائے جبکہ ملک بھر میں تمام ریسٹورانٹس کو ان اور آؤٹ ڈور سروس 10 اگست کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی، اسی طرح 10 اگست سے سینما ہالز اور تھیٹرز کو بھی کھول دیا جائے گا، کبڈی، رگبی، کشتی کے علاوہ اور شائقین کے بغیر باقی اسپورٹس کی اجازت ہو گی۔

اسی طرح بیوٹی پارلرز، جم کلب، پارکس، کھولنے کی 10 اگست سے اجازت دے رہے ہیں۔ ان سب سیکٹرز کو کھولنے کیلئے ایس اوپیز بنائے جا رہے ہیں۔ شادی ہالز بھی 15ستمبر سے کھولے جائیں گے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی کھولا جا  رہا ہے، میٹرو بسوں میں کھڑے ہو کر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرینیں اور ایئرلائنز کا آپریشن مکمل بحال کردیا ہے۔ 30 ستمبر تک ٹرینوں اور ہوائی سفر کیلئے ایس اوپیز برقرار رہیں گے جبکہ یکم اکتوبر سے جہاز میں لوگ نارمل انداز میں سفر کرسکیں گے۔ مزارات کو بھی کھولا جارہا ہے، عرس کروانے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے اجازت لینا ہو گی۔

محرم الحرام میں بھی ایس اوپیز کا مکمل خیال کیا جائے گا، اس حوالے سے علمائے کرام کی مشاورت سے مل کر ایس اوپیز بنائیں گے۔ تمام کاروبار جن میں مارکیٹس، دکانوں، بازاروں پر فوری پابندی ختم کی جا رہی ہے، ہفتے اور اتوار کو بھی کام کرنے کی اجازت ہو گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button