عید قربان، سبزی، پھل، انڈوں اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں
عید قربان قریب آتے ہی سبزی، پھل، انڈوں اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔ راولپنڈی میں سبزی خریدنے پر مفت ملنے والے ہرا دھنیا کی قیمت 20 روپے گڈی مقرر کر دی گئی ہے۔ شدید گرم موسم میں بھی انڈے127 روپے درجن کر دیئے گئے۔ اگلے کاروباری ہفتے میں قیمتوں میں مزید اضافہ کا بھی امکان ہے۔
اتوار بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں آلو 70 روپے، ٹماٹر 100 روپے، ادرک 470 روپے، لہسن 220 روپے، لیموں 150 روپے کلو، سبز مرچ 110 روپے کلو، دودھ 120 روپے لیٹر، دہی 130 روپے، کیلا 110 روپے درجن، آم 150 روپے کلو، آڑو 150 روپے کلو، انگور 200 روپے کلو، چینی 86 روپے کلو، گھی 175 روپے پیکٹ، آٹا چکی 70 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔
لاہور میں بھی عید قریب آتے ہی سبزیاں مہنگی ہوگئیں اور ضلعی انتظامیہ قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام ہورہی ہے۔ آلو 55 کی بجائے 70 روپے، ٹماٹر 67 کی بجائے 120 روپے کلو اور پیاز 27 کی بجائے 40 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔
کوئٹہ میں بھی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔ سیب 120،خربوزہ 50روپے کلو، کیلا 120 روپے درجن، آم 140، آڑو 150، انگور 220 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ ادرک 400، لہسن 350، پیاز 50، کدو 60، بینگن 60 روپے کلو میں فروخت ہونے لگا۔
ادھر کراچی میں بھی سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ ٹماٹر 100 روپے، آلو 70، ادرک 400 روپے، کھیرا 80 روپے، ہری مرچ 400 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔