لنڈیکوتل، عوامی نیشنل پارٹی کا 34واں یوم تاسیس انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا
لنڈیکوتل بازار میں عوامی نیشنل پارٹی کا 34واں یوم تاسیس انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا، یوم تاسیس کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔
ضلع خیبر تحصیل لنڈیکوتل بازار میں عوامی نیشنل پارٹی کے 34ویں یوم تاسیس کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی لنڈی کوتل عوامی نیشنل پارٹی کے صدر سیدا جان آفریدی, عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء حاجی یادو اللہ شینواری, حاجی جہانزیب شینواری, عبدالرحیم شینواری, سبحان شینواری, ستار شینواری, جاوید شینواری اور دیگر پی ایس ایف کے مشران اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
یوم تاسیس کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی بنیاد اس سے 34 سال قبل رہبر تحریک خان عبدالوالی خان نے رکھی تھی، ہمارے رہبر باچا خان نے ہمیں ہمیشہ امن کا پیغام دیا ہے، پختون قوم امن پسند قوم ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کرنے میں سنجیدہ نہیں اور ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے آئے روز عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے اور عوام فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں جو کہ افسوس کا مقام ہے۔
سیدا جان آفریدی نے کہا کہ لنڈیکوتل مسائلستان بن گیا ہے منتخب نمائندے عوامی مسائل سے بے خبر ہیں جس کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں بے شمار تعلیمی ادارے جن میں کالجز, یونیورسٹیاں اور سکولز شامل ہیں اور صوبے میں تعلیم عام کرنے کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں، عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ علاقے کے غریب عوام کی مشکلات اور مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے اور آئندہ بھی عوام کے مسائل کے حل کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔