کرم، دو دھماکوں میں 3 اہلکار زخمی، پشاور، 2 دہشت گرد ایک بھتہ خور گرفتار
ضلع کرم کے سرحدی علاقے میں بارودی سرنگوں کے دو دھماکوں میں تین ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو پاراچنار میں طبی امداد دینے کے بعد سی ایم ایچ ٹل منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ضلع کرم میں پاک افغان سرحدی علاقہ کوٹ راغہ میں اسد شہید چیک پوسٹ کے قریب یکے بعد دیگر بارودی سرنگوں کے دو دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں تین ایف سی اہلکار نائک ظفر اللہ، نائک اظہر اقبال اور ابراہیم زخمی ہو گئے۔
بارودی سرنگوں کو کچے راستوں میں چھپایا گیا تھا اور ایف سی اہلکار معمول کی گشت پر تھے۔ زخمی اہلکاروں کو پاراچنار میں طبی امداد دینے کے بعد سی ایم ایچ ٹل منتقل کردیا گیا فورسز نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی پشاور ریجن نے پشاور شہر کو بڑی تباہی سے بچا کر داعش تنظیم کے دو دہشتگردوں کامران عرف قاری ولد آفرید اللہ سکنہ سید انور کالونی گلبہار پشاور اور رضوان اللہ ابوبکر ولد اختر میر سکنہ اشرف خیل لنڈی کوتل کو ہینڈ گرینڈز اور اسلحہ و ایمونیشن سمیت شامی روڈ نزد فیڈرل لاج پشاور سے گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی پشاور کی سپیشل چھاپہ مار ٹیم نے دوسری کارروائی میں بھتہ خوری میں ملوث مجرم اشتہاری سید اللہ ولد شاہ وزیر ساکن افغانستان حال بخشو پل کو چارسدہ اڈہ پشاور سے گرفتار کیا ہے۔
اسی طرح کسٹم حکام نے طورخم بارڈر پر دو علیحدہ علیحدہ کاروائیاں کرتے ہوئے دہشتگرد تنظیموں کو مالی معاونت (ٹیراریزم فنانسنگ) فراہم کرنے میں ملوث چار ملزمان 1- اویس ولد سید اللہ سکنہ شنواری محلہ اشرف خیل لنڈی کوتل، 2- عدنان خان ولد لاخوالدین سکنہ شنواری محلہ اشرف خیل لنڈی کوتل، 3- شمس الرحمن، 4- امتیاز خان پسران سید الرحمن ساکنان محلہ خوگہ خیل اشرف خیل لنڈی کوتل کو مبلغ 2,33,620 امریکی ڈالرز اور 55 عدد غیر ملکی موبائل فونز سمیت گرفتار کر لیا، ملزمان برآمدہ امریکی ڈالرز دہشتگردوں کو پہنچا کر یہ رقم دہشتگردی میں استعمال کرنا چاہتے تھے۔
کاونٹر ٹیرارزم پشاور نے گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ سال 1997 کے تحت علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔