لکی مروت میں ایک اور مبینہ پولیس مقابلہ، ملزم جاں بحق
لکی مروت میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق سرائے نورنگ کے علاقے نصر خیل میں دریائے کرم کے کنارے اشتہاری ملزم کے ساتھ مقابلہ ہوا جس میں وہ مارا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ خطرناک اشتہاری جمیل ساکن قاضی ڈھیری اپنے بھائی اوربھانجے کے قتل سمیت نصف درجن سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا جو پولیس کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا۔
واضح رہے لکی مروت میں اس سے پہلے بھی کئی ایک پولیس مقابلے ہوچکے ہیں جس میں کئی افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
رواں برس جنوری کے مہینے میں بھی لکی مروت میں پولیس مقابلہ ہوا تھا جس میں خاتون سمیت چار افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ نومبر 2019 میں بھی لکی مروت میں مبینہ پولیس مقابلے میں اشتہاری گل فراز اور اس کی بھتیجی مارے گئے تھے۔ جابو خیل میں ہوئے پولیس مقابلے میں ایک اہلکار بھی زخمی ہوا تھا۔ بعد ازاں مقامی افراد نے لڑکی کے قتل کے خلاف احتجاج بھی کیا تھا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ یہ مقابلہ تھانہ غزنی خیل کی حدود جابو خیل میں ہوا جہاں پولیس کے ریپڈ ریسپانس فورس (آر آر ایف) نے اشتہاری ملزم گل فراز کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔
ڈی ایس پی لکی مروت ہدایت اللہ شاہ کے مطابق اشتہاری ملزم اور اس کی بھتیجی نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شاہ محمود زخمی ہوگئے پولیس کی جوابی فائرنگ سے اشتہاری ملزم گل فراز اور اس کی بھتیجی ہلاک ہوگئی۔ پولیس کے مطابق اشتہاری گل فراز پولیس کو قتل اور اقدام قتل سمیت 9 مقدمات میں مطلوب تھا۔