خیبر پختونخوا

بونیر کے عوام کی تضحیک پر مشتمل مضمون کی جگہ اب کتاب میں بونیر کی تاریخ پڑھائی جائے گی

بونیر کی عوام کی تضحیک پر مشتمل مضمون درسی کتاب میں چھاپنے والے گابا پبلشرز نے قانونی نوٹس بھیجنے والے وکیل کے ساتھ معاہدہ کرلیا جس کے تحت اب اس مضمون کی جگہ پبلشر بونیر کے متعلق مثبت مضمون شائع کرے گا۔

گابا پبلشر کے مالکان محمد راشد، محمد عارف اور مدعی ایڈوکیٹ قادر خان کے مابین معاہدہ آج کراچی میں جمیعت علمائے اسلام سندھ کے فنانس سیکرٹری مولانا محمد غیاث کی ثالثی اور عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری یونس بونیری کی سربراہی میں منعقدہ جرگے میں طے پایا۔

معاہدے کے تحت گابا پبلشرز پانچوی جماعت کی انگلش کتاب میں ‘سیون فولش مین’ کے عنوان سے چھاپا گیا مضمون فوری طور پر ہٹائے گا جس میں بونیر کے عوام کی تضحیک کی گئی ہے۔ گابا پبلشرز والوں کا کہنا تھا کہ وہ پہلے ہی یہ مضمون ہٹا چکے ہیں۔ پبلشرز مذکورہ کتاب کی ساری کاپیاں بھی مارکیٹ سے ہٹائے گا۔

گابا پبلشرز والوں نے یہ مطالبہ بھی بغیر کسی ہچکچاہٹ کے منظور کرلیا کہ وہ اسی کتاب میں اسی مضمون کے بدلے بونیر کے حوالے سے ایک مثبت پیغام دینے والا مضمون چھاپے گا جو کہ مدعی قادر خان انہیں لکھ کر دے گا۔

جرگہ میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ گابا پبلشرز پشاور اور کراچی سے شائع ہونے والے اردو اور انگریزی اخبارات میں بونیر کے عوام سے معافی نامہ بھی چھاپے گا۔

گابا پبلشر اور ایڈوکیٹ قادر خان کے مابین تحریری معاہدے کی نقل

خیال رہے کہ گابا پبلشرز والوں کی اس مضمون پر مشتمل پانچویں جماعت کی یہ کتاب کئی سالوں سے مختلف نجی تعلیمی اداروں میں پڑھائی جا رہی ہے جس پر چند دن پہلے سوشل میڈیا پر بحث کا آغاز ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے پبلشر کے خلاف ایک باقاعدہ احتجاجی تحریک شروع ہوگئی۔

کراچی میں ایڈوکیٹ قادر خان کے علاوہ پشاور میں بونیر سے تعلق رکھنے والے صحافی عزیز بونیری نے بھی گابا پبلشرز والوں کو 2 ارب روپے کا ہرجانہ نوٹس بھیجا ہے۔

عزیز  بونیری کا کہنا ہے کہ معاہدے کے لئے انہوں نے بھی قادر خان کو اپنا اختیار سونپ دیا تھا اور اب وہ خوش ہیں کہ کتاب کے جن صفحوں پر پہلے بونیر کی تضحیک پر مشتمل مضمون ہوتا تھا اب انہی صفحات پر طلبا بونیر کی تاریخ کے حوالے سے جانیں گے۔

 

ٹی این این سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ گابا پبلشر کو اپنی غلطی کا احساس ہوگیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button