قبائلی اضلاع

8 ٹریفک اہلکاروں کی تربیت مکمل، باجوڑ میں پہلی بار ای چالان کا آغاز

باجوڑ پولیس نے ضلع میں پہلی بار ای۔چالان کا آغاز کر دیا، باجوڑ پولیس کے 8 ٹریفک اہلکاروں کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے۔

ڈی پی او باجوڑ شہزادہ کوکب فاروق کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کے احکامات کی روشنی میں ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن محمد اعجاز خان کی خصوصی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام ٹریفک ہیڈ کوارٹرز پشاور میں ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کی ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا جس میں باجوڑ پولیس کے 8 رکنی دستے نے شرکت کی۔

ٹریفک مینجمنٹ کورس میں باجوڑ پولیس اہلکاروں کو ٹریفک قوانین، ٹریفک سگنلز اور خصوصی طور پر ای ٹکٹنگ سسٹم کے متعلق تربیت دی گئی۔

پشاور ٹریفک پولیس کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ نے باجوڑ پولیس کے جوانوں کو ای ٹکٹنگ ایپ کے ذریعے دورِ جدید کے تقاضوں کے عین مطابق چالان کی ادائیگی کے طریقہ کار کے حوالے سے تفصیلی ٹریننگ دی، ای ٹکٹنگ سسٹم خیبر پختونخوا پولیس کا ڈیجیٹل پاکستان کی جانب لیا گیا وہ قدم ہے جس سے شہریوں کو چالان کی ادائیگی میں حائل رکاوٹیں دُور ہوئیں اب عوام کو پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا بلکہ عوام کو چالان جمع کرنے کیلئے بینک یا فرنچائز جانے کی بجائے اب چالان اُسی وقت اُسی جگہ جمع ہو جاتا ہے۔

ای پیمنٹ ایپ، شہریوں کی سہولت اور آسانی کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور ٹریفک پولیس کی بہترین کاوش ہے جس کے ذریعے شہری چالان کی رقم آن لائن جمع کرا سکیں گے جس سے اُن کے قیمتی وقت اور وسائل کی بچت ممکن ہو سکے گی اور انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑے گا۔

مذکورہ ایپ کے استعمال سے باجوڑ شہر میں ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر قابو پانے اور چالان کی رقم آن لائن جمع کرانے میں آسانی ہو گی۔

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں آپکے چالان کی جمع شدہ رقم کے بارے میں آپکو تصدیقی پیغام اُسی وقت آپکے موبائل پر بھی وصول ہو جائے گا۔

ڈی پی او باجوڑ شہزادہ کوکب فاروق نے کہا کہ ای چالان کے نفاذ سے اس پورے عمل میں شفافیت آئے گی اور کسی بھی قسم کی خردبرد کے راستے مسدود ہوں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button