‘اسوہ رسول اکرمؐ کی مکمل پابندی ہی راہ نجات ہے’
‘حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی اسوہ حسنہ نہ صرف مسلمانوں کے لیے بلکہ پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے اور اسی پر عمل کرنے میں ہی ہماری دین و دنیا کی کامیابی پوشیدہ ہے۔’
ان خیالات کا اظہار جامع مسجد حدیبیہ بدرشی میں قاضی فضل حکیم کی میزبانی اور مولانا فضل الہی کی زیر صدارت مجلس ختم نبوت و رسالت کے زیر اہتمام رسول اللہ کانفرنس میں مولانا محمد انور، مولانا گلزار احمد اور مفتی صاحب علی نے تحفظ ناموس رسالت و ختم نبوت کے سلسلے میں چھٹی نشست کے انعقاد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع علاقہ بدرشی کے تمام علما کرام، خطباء اور عمائدین علاقہ سمیت عام شہریوں بالخصوص نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بحثیت مسلمان ہم اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور کتاب اللہ سے مضبوط بنیادوں پر تعلق اور قادیانیوں کی سازشوں سے آگاہی مطالعہ اور دین اسلام سے محبت اور اسوہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی مکمل پابندی ہی راہ نجات ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے ایک سازش کے تحت لادینی قوتیں مسلم ممالک اور بالخصوص پاکستان میں عقیدہ ختم نبوت کے کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں اور انہوں نے ان ناپاک عزائم میں سب سے پہلے نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کے لیے منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔
مقررین نے مسلمان نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی اسوہ حسنہ کو اپناتے ہوئے کتاب اللہ کے ساتھ تعلق مضبوط کر کے لادینی قوتوں خاص طور پر قادیانیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر ناکام بنائیں اور یہی مسلمانوں کی کامیابی ہے۔
مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آنے والا دنیا کا واحد ملک ہونے کے ساتھ ساتھ اسلام کا ایک مضبوط قلعہ بھی ہے اس لیے پاکستانی حکمران لادینی اور بالخصوص قادیانیوں کی ایما پر ایسا کوئی اقدام نہ اٹھائیں جس سے اسلام اور عقیدہ ختم نبوت کو کوئی خطرہ درپیش ہو۔