چارسدہ، 105 سالہ غازی نے کرونا کو شکست دیدی
انڈیا کو شکست دینے والے ضلع چارسدہ کے 105 سالہ غازی نے کرونا کو بھی شکست دیدی۔
چارسدہ کے علاقے ترنگزئی کے 105 سالہ ریٹائرڈ صوبیدار مولانا غازی فضل رؤف جرنیل نے 105 سال کی عمر میں کرونا کو شکست دیدی، وہ 1965 اور 1971 کی جنگوں میں غازی رہ چکے ہیں۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق چارسدہ کے نواحی علاقہ ترنگزئی زیارت کورنہ کے 105 سالہ شخص ریٹائرڈ صوبیدار مولانا غازی فضل رؤف جرنیل گذشتہ کئی ہفتوں سے کرونا کے موذی مرض میں مبتلا تھے لیکن اب ان کا کرونا ٹیسٹ نیگٹیو آ گیا ہے۔
ریٹائرڈ صوبیدار مولانا غازی فضل رؤف جرنیل ایک عالم دین کے ساتھ ساتھ درس و تدریس سے بھی وابستہ رہے ہیں، انہوں نے اپنی صحت یابی کے موقع پر تمام عالم اسلام اور انسانیت کیلئے اس وباء سے چھٹکارا پانے کی دعا کی اور کہا کہ جب انسان کا حوصلہ بلند ہو اور اللہ پاک کے ذات پر یقین کامل ہو تو ہر قسم کی بیماری، مشکلات اور آفات سے نجات پا سکتا ہے جس کیلئے عمر کی کوئی قید نہیں۔