ملک میں کورونا کیسز 40 فیصد کم، 50 فیصد افراد وائرس سے صحتیاب
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 40 فیصد کمی آئی ہے جبکہ مہلک وائرس کا شکار افراد میں سے 50 فیصد کے قریب صحتیاب ہوگئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) سے جاری اعداد وشمار کے مطابق بدھ (یکم جولائی) تک کورونا وائرس کے ایک لاکھ 802 مریض صحتیاب ہوگئے تھے جو تصدیق شدہ کیسز کی مجموعی تعداد کا تقریباً 50 فیصد ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 556 کیسز اور 90 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار 907 جبکہ اموات 4 ہزار 446 ہوگئیں۔
وزارت قومی صحت (این آیچ ایس ) کے ترجمان سجاد شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کوششوں اور اسمارٹ لاک ڈاؤنز کے نفاذ سے وائرس کے پھیلاؤ کو روکا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے اور مریض تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں جس سے متاثرہ اور صحتیاب مریضوں کے مابین فرق میں کمی آئی ہے۔
سجاد شاہ نے کہا کہ یہ حوصلہ افزا ہے کہ ملک بھر میں این سی او سی کی تجاویز پر عملدرآمد کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے جون کے اواخر تک کورونا وائرس کے تقریباً 90ہزار کم کیسز رپورٹ ہوئے۔
یہ خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ جون کے اواخر تک کیسز کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرجائے گی لیکن یہ تعداد 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد رہی۔