یورپی ائیرسیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کا فضائی آپریشن کا اجازت نامہ معطل کردیا
یورپی یونین کی ائیرسیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی یورپی ملکوں کیلئے فضائی آپریشن کا اجازت نامہ 6 ماہ کیلئے معطل کردیا۔ معطلی کا اطلاق یکم جولائی 2020 کو رات 12 بجے یو رپی وقت کے مطابق شروع ہوگا۔
یورپی ائیر سیفٹی ایجنسی کے فیصلے کے بعد پی آئی اے کی یورپ کیلئے تمام پروازیں عارضی طور پر منسوخ کردی گئیں، جن مسافروں کے پاس پی آئی اے کی بکنگ ہے وہ بکنگ آگے کرواسکتے ہیں یا ریفنڈ لے سکتے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے یورپی ائیر سیفٹی ایجنسی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کے خدشات کو دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ حکومتی اور انتظامیہ کی جانب سے لیے گئے اقدامات کے باعث معطلی جلد ختم ہوگی۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وزارت ہوابازی نے 262 مشکوک پائلٹس کی فہرست جاری کی تھی، اس حوالے سے وفاقی وزیر غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ 148مشکوک لائسنس کی لسٹ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز ( پی آئی اے) کو بھجوادی گئی اور انہیں ہوابازی سے روک دیا گیا ہے،دیگر مشکوک لائسنس والے پائلٹس 100 سےزائد ہیں، ان کی تفصیلات بھی سول ایوی ایشن ویب سائٹ پر بھیج دی ہیں۔
غلام سرورخان کا کہنا تھاکہ پی آئی اے میں 28 پائلٹس کی ڈگریاں جعلی ثابت ہوچکی ہیں، حالیہ دنوں میں 4 گھوسٹ پائلٹس فارغ کیے ہیں۔ گزشتہ روز ویتنام کی ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی مشتبہ لائسنس کی اطلاعات منظر عام پر آنے کے بعد تمام پاکستانی پائلٹس گراؤنڈ کردیے تھے۔
ویتنامی ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ویتنام کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 27 پاکستانی پائلٹوں کو لائسنس دیا تھا، جن میں سے 12 کام کررہے تھے جبکہ 15 کے معاہدے ختم ہو چکے تھے یا وہ کورونا کے باعث کام نہیں کر رہے تھے۔