ہیڈکوارٹر ہسپتال چکدرہ کا ایمبولینس ڈرائیور کورونا سے جاں بحق
لوئر دیر کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکدرہ کا ایمبولینس ڈرائیور عمر جلال کورونا وائرس سے جاں بحق ہو گیا جس کے بعد لوئر دیر میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 23 ہو گئی۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر فوکل پرسن ڈاکٹر ارشاد علی کے مطابق ڈپٹی کمشنر سعادت حسن کی سربراہی میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاون کے نفاذ کے لئے لائحہ عمل طے اور ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کو اس حوالے سے ٹاسک حوالہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک بیرون ملک سے آئے ہوئے 4947 افراد میں سے 4695 لوگوں تک رسائی حاصل کی گئی اور انہیں سکریننگ کے پراسس سے گزارا گیا۔
ضلع دیر پائین میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی تعداد 3923 جن میں 1251 افراد میں کورونا بیماری کی تصدیق ہو چکی ہے، 1703 مریضوں کے رزلٹس کلیئر آئے ہیں، اسی طرح 924 مریضوں کے رزلٹس آنا باقی ہیں جبکہ ضلع میں کل صحت یاب مریضوں کی تعداد بدستور 317 ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی سعودی عرب میں تحصیل بلامبٹ سے تعلق رکھنے والے دو بھائی اس وائرس کا شکار ہو کر چل بسے جن کی میتیں پہنچا دی گئیں، تیسرا بھائی کچھ ہی روز قبل گاؤں میں کورونا سے جاں بحق ہوا تھا۔