خیبر پختونخوا

‘خیبر پختونخوا میں 11 ہزار سے زائد کورونا مریض صحت یاب ہو چکے’

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سیلم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح بڑھ کر 46 فیصد ہو گئی ہے۔ صوبے میں اب تک کورونا کو شکست دے کر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار سے زائد ہیں۔

گزشتہ روز 1712 کورونا مریض صحت یاب ہوئے جبکہ اس سے ایک دن پہلے 2516 افراد کو صحت یاب قرار دیا گیا۔ محکمہ صحت کورونا مریضوں کے حوالے سے ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنز پر من وعن عمل درآمد کر رہا ہے۔ خیبرپختونخوا میں اب تک 23887 کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے ایکٹیو مریضوں کی تعداد 11921 ہے۔ اب تک 869 افراد کورونا کی وجہ سے فوت ہو چکے ہیں جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 11097 ہے جو کہ 46 فیصد بنتی ہے۔

کورونا مریضوں کی صحت یابی کی شرح کے حساب سے خیبرپختونخوا اس وقت سندھ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے 2 پولی میریز چین ریکشن مشینیں محکمہ صحت کو دی گئی ہیں جو کہ کورونا ٹیسٹنگ کے لیے سرکاری ہسپتالوں میں قائم ہونے والی نئی لیبارٹریوں کو دیں گے جس سے ہماری کورونا تشخیصی ٹیسٹوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

تیمور جھگڑا نے بتایا کہ کوہاٹ اور تیمرگرہ میں دو نئی لیبارٹریاں قائم ہو چکی ہیں جو کہ جلد کام شروع کر دیں گی۔ وزیر صحت نے کہا کہ اس وقت صوبے میں یومیہ اوسطاً 3500 ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ کورونا تشخیصی ٹیسٹوں کی یومیہ تعداد بہت جلد 5 ہزار سے زائد ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا ٹیسٹوں کے لیے نجی شعبے کی لیبارٹریاں بھی محکمہ صحت کے ساتھ آن بورڈ ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button