کھیل

آئی سی سی نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے التوا کی خبروں کی تردید کردی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے التوا کے خبروں کی تردید کی ہے اور واضح کیا ہے کہ عالمی کپ کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔

آئی سی سی نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں جاری ہیں اور کووڈ-19 کے باعث تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر کئی متبادل منصوبوں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2020 کے میچز اکتوبر اور نومبر میں کروانے کا عندیہ دیا گیا تھا جس کے بعد خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی کردیا جائے گا۔

آسٹریلیا کے میڈیا میں رپورٹس تھیں کہ بھارت کا بااثر بورڈ آئی پی ایل کے انعقاد کے لیے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کو ملتوی کرنا چاہے گا۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ان خبروں کو مسترد کردیا تھا۔

بی سی سی آئی کے خزانچی ارون سنگھ دھمل کا کہنا تھا کہ ‘اگر آسٹریلیا کی حکومت اعلان کرتی ہے کہ ٹورنامنٹ ہوگا اور کرکٹ آسٹریلیا اس کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے تو یہ ان کا فیصلہ ہوگا اور بی سی سی آئی کوئی تجویز نہیں دے گی’۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 18 اکتوبر کو آسٹریلیا میں شروع ہوگا تاہم کورونا وائرس کے باعث دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹس کی طرح ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کے التوا کے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں۔

ورلڈ کپ 15 نومبر تک جاری رہے گا، جہاں کل 16 ٹیمیں 45 میچز کھیلیں گی۔

گروپ اے میں پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور 2 کوالیفائر شامل ہوں گے جبکہ گروپ بی میں بھارت، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، افغانستان اور 2 کوالیفائر ہوں گے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button