ووہان میں کورونا وائرس پھر سے سر اٹھانے لگا، پورے شہر کی آبادی کا کورونا ٹیسٹ کرنے کا اعلان
چینی حکومت نے ووہان شہر میں کورونا کیسز دوبارہ سامنے آنے کے بعد پورے شہر کی آبادی کا کورونا ٹیسٹ کرنے کا اعلان کردیا۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق ووہان میں لاک ڈاؤن اٹھانے کے بعد گزشتہ روز پھر سے کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے چینی حکومت نے ایک کروڑ 10 لاکھ افراد پر مشتمل ووہان کی پوری آبادی کو کورونا ٹیسٹ کروانے کا حکم دیا ہے۔
مذکورہ حکم ووہان کے محکمہ انسداد وائرس کی جانب سے ایک دستاویز کے ذریعے جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق حکام کو شہر کے تمام علاقوں میں ٹیسٹ کا منصوبہ پیش کرنے کے لیے کہا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ تمام افراد 10 دن میں کس طرح کورونا ٹیسٹ کے لیے تیار ہوں گے۔
ووہان محکمہ انسداد وائرس کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 ٹیسٹ کے لیے سب سے پہلے پسماندہ اور چھوٹے علاقوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ خیال ہے کہ دنیا میں سب سے پہلے چین کے شہر ووہان میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد چین نے پورے شہر کو سیل کردیا تھا تاہم بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہر سیل ہونے سے قبل ہی تقریباً 5 لاکھ افراد ووہان سے دنیا بھر میں پھیل چکے تھے۔
چین نے 3 ماہ سے زائد سخت لاک ڈاؤن کے بعد ووہان اور دیگر شہروں کو کورونا سے تقریباً پاک کردیا تھا اور 3 اپریل کے بعد ووہان میں کورونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا تھا جب کہ 8 اپریل کو ملک بھر میں لاک ڈاؤن بھی ختم کردیا گیا تھا۔
تاہم گزشتہ روز برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ووہان میں وائرس دوبارہ سر اٹھارہا ہے اور وہاں 5 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ووہان میں حالیہ تمام کیسز مقامی تھے ان میں سے کوئی بھی باہر سے نہیں آیا۔