بین الاقوامی
مسجدالحرام اور مسجد نبوی کھولنے کا اعلان
سعودی حکومت نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی حکومت نے حرمین شریفین کو کھولنے کے لیے احتیاطی تدابیر بھی جاری کردی ہیں جس کے تحت حرمین شریفین میں آنے والوں کو جائے نماز ساتھ لانا ہوگا جب کہ مسجد میں رکھے قرآن پاک کے نسخے استعمال کرنے کی ممانعت ہوگی۔
نمازیوں کو فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ واش روم بند رکھے جائیں گے، نماز کے لیے آنے والوں کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے تاہم ابھی تک عید کی نماز اور نماز تراویح پر پابندی برقرار ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی عرب نے ملک بھر کی مساجد سمیت مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے اندرونی اور بیرونی حصے میں نمازِ پنجگانہ اور نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی عائد کی تھی۔