عرفان خان کے بعد لیجنڈری اداکار رشی کپور بھی انتقال کرگئے
کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور چل بسے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق67 سالہ رشی کپور کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے جنہیں کل رات طبیعت ناساز ہونے پر ممبئی کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں ان کی حالت سنبھل نہیں سکی جس کے باعث وہ دنیا سے رخصت ہوگئے۔ رشی کپور کے انتقال کی تصدیق ان کے بھائی رندھیر کپور نے کی اور اس دوران رشی کپور کی اہلیہ نیتو سنگھ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
گزشتہ برس لیجنڈ اداکار کی اہلیہ نیتو سنگھ نے شی کپور کی بیماری سے متعلق انکشاف کیا تھا کہ انہیں کینسر کا عارضہ لاحق ہے۔ رشی کپور نیویارک میں زیر علاج تھے اور علاج کرانے کے بعد وہ واپس بھارت آئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بالی ووڈ کے مشہور اداکار عرفان خان ممبئی میں انتقال کرگئے تھے۔ 53سالہ عرفان خان نیورو اینڈوکرائن ٹیومر یعنی آنتوں کے کینسر کا شکار تھے اور لندن سے علاج کروانے کے بعد گذشتہ برس واپس انڈیا آئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عرفان خان ممبئی کے کوکیلابین دھیروبھائی امبانی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ گزشتہ روز اداکار عرفان خان کے ایک ترجمان کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی تھی ان کی طبیعت بگڑنے پر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا۔
عرفان خان کو مارچ 2018 میں نیورو اینڈوکرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ کینسر کے علاج کے لیے لندن منتقل ہوگئے تھے۔ بعد ازاں وہ فروری 2019 میں اپنی فلم ‘انگریزی میڈیم’ کی شوٹنگ کے لیے واپس بھارت آئےتھے اور شوٹنگ ختم ہونےکے بعد واپس لندن چلے گئے تھے۔
عرفان خان لندن میں کینسر کے علاج اور سرجری ہونے کے بعد ستمبر 2019 میں بھارت آئے تھے۔ اداکار عرفان خان نے ہندی میڈیم، انگریزی میڈیم، لنچ باکس اور پیکو سمیت متعدد فلموں میں کام کیا اور شاندار اداکاری سے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنالیا۔