بین الاقوامی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او کی فنڈ کو روکنے حکم کیوں دے دیا؟

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمگیر وبا کورونا کو بہتر طریقے سے ہینڈل نہ کرنے پر عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی فنڈنگ کو فوری طور پر روکنے کا حکم دے دیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر الزام عائد کیا کہ اقوام متحدہ کا ذیلی ادارہ عالمگیر وبا کے حوالے سے اپنے بنیادی فرائض سرانجام دینے میں ناکام رہا۔

انہوں نے اپنی انتظامیہ کو عالمی ادارہ صحت کی فنڈرنگ روکنے کا حکم دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ڈبلیو ایچ او نے معاملے کو ٹھیک انداز میں ہینڈل نہیں کیا اور جب وبا چین میں پھیلی تو اسے دنیا سے چھپایا جو ممکنہ طور پر دنیا میں وبا کے پھیلاؤ کا باعث بنا۔

امریکی صدر کے اعلان کے بعد امریکا کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کو آئندہ دو سالوں میں ملنے والی 80 کروڑ 93 لاکھ ڈالر کی خطیر فنڈنگ رک جائے گی۔ ٹرمپ کے اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ ابھی مناسب وقت نہیں ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ کم کی جائے یا روکی جائے۔

خیال رہے کہ امریکا عالمی ادارہ صحت کو سب سے زیادہ فنڈ دینے والا ملک ہے جس نے گزشتہ برس بھی ڈبلیو ایچ او کو 400 ملین ڈالر یعنی 40 کروڑ ڈالر امداد دی تھی جب کہ چین نے سال 19-2018 کے دوران عالمی ادارہ صحت کو 7 کروڑ 60 لاکھ ڈالر فنڈ فراہم کیا تھا۔

اس وقت امریکا دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے جہاں 6 لاکھ 14 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 28 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں جب کہ چین میں اب تک 82 ہزار 295 افراد متاثر اور 3 ہزار 342 ہلاک ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب کورونا وائرس کے پیش نظر دبئی حکام نے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کو ہسپتال میں تبدیل کردیا۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی حکام نے بتایا کہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر کو فیلڈ ہسپتال میں تبدیل کیا گیا ہے جس میں مریضوں کے لیے 3 ہزار بستر لگائے جاسکتے ہیں اور اس کا مقصد ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج و معالجے کے لیے سہولیات کو بڑھانا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل دبئی ہیلتھ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ دبئی کے ہسپتالوں میں اس وقت 4 سے 5 ہزار بستروں کی سہولت موجود ہے جسے 10 ہزار تک لے جانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ دبئی میں کورونا سے متعلق کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے آنے والے دنوں میں مزید 2 فیلڈ ہسپتال تیار ہوں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق دبئی میں کورونا وائرس ٹیسٹ پروگرام کو تیزی سے بڑھانے کے لیے مختلف حصوں میں موبائل ٹیسٹ سینٹرز بھی قائم کردیے گئے ہیں، اس کے علاوہ حالیہ شروع کی جانے والے ڈرائیو تھرو ٹیسٹنگ کے ذریعے 32 ہزار ٹیسٹ کیے جارہے ہیں جب کہ متعدد ٹیسٹنگ لیبارٹریاں بھی موجود ہیں۔

دبئی کی وزارت صحت کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کورونا کے مریضوں پر کلوروکوئن اور ہائیڈراکسی کلوروکوئن کا بھی کامیابی سے استعمال کیا جارہا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے تقریباً 5 ہزار کیسز ہیں اور 28 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button