بین الاقوامی

کورونا سے متاثرہ مریضوں کو آب زم زم فراہم کیا جائے۔ امام کعبہ

 

امام کعبہ نے کورونا سے متاثرہ مریضوں کو آب زم زم دینے کی تجویز دی ہے۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق امام کعبہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے  کہ کورونا وائرس کے مریضوں کو نفسیاتی اور جذباتی امداد کے لیے آب زم زم فراہم کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے تمام ہسپتالوں میں زم زم کا پانی فراہم کیا جائے جہاں کورونا وائرس کے مریض زیرعلاج ہیں اس سے متاثرہ افراد کو صحت یاب ہونے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس اب تک لاعلاج ہے، دنیا بھر کے سائنسدان اس کے علاج کے لیے ویکسین تیار کرنے میں سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ عالمگیر وبا سے دنیا کے 200 سے زائد ممالک متاثر ہیں جس میں چین، امریکا، یورپی ممالک سمیت سعودی عرب اور پاکستان بھی شامل ہے۔

سری لنکا میں کورونا سے مرنے والے افراد کی میتیں جلانے کا حکم

دوسری جانب سری لنکا میں عالمگیر وبا کووڈ-19 یعنی کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی میتیں جلانے کا حکم دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ کورونا وائرس سے مرنے والے شخص کی تدفین کے عمل سے صحت مند انسان کے متاثر ہونے کا بھی خطرہ ہوتا ہے۔

سری لنکا کی حکومت کے اس فیصلے کے بعد ملک میں اہم مذہبی اقلیت مسلمانوں کی جانب سے اس فیصلے کی مخالفت کی جا رہی ہے اورکہا جا رہا ہے کہ کسی بھی مسلمان کی میت جلانا مسلمانوں کے بنیادی مذہبی عقائد، احکامات اور روایات کے خلاف ہے۔

گزشتہ دنوں سری لنکا میں کورونا وائرس سے 7 ہلاکتیں سامنے آئی تھیں جن میں سے 3 مسلمان تھے  لیکن ان کے ورثا کی جانب سے شدید احتجاج کرنے کے باوجود بھی ان تینوں مسلمانوں کی میتوں کو جلایا گیا تھا۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر بیراج پٹنائک نے سری لنکا کی حکومت کے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئےکہا کہ اس مشکل وقت میں حکام کو کمیونٹی کو آپس میں جوڑنا چاہیے نہ کہ ان کے درمیان اختلافات پیدا کرنے چاہیے۔

خیال رہے کہ سری لنکا کی کل آبادی 21 ملین ہے جس میں مسلم اقلیت سے تعلق رکھنے والے شہریوں کا تناسب 10 فیصد بنتا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button