کرکٹ شائقین کے لئے خوشخبری۔ پی ایس ایل کا اصل شیڈول بحال
پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ کرونا وائرس کے بعد حالات نارمل ہونے پر پی ایس ایل کا آخری مرحلہ پرانے طریقہ کار کے تحت کھیلا جائے گا۔
کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد پی سی بی نے پی ایس ایل کا شیڈول تبدیل کرتے ہوئے پلے آف اور ایلیمینٹر راؤنڈ کے بجائے براہ راست سیمی فائنل کروانے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان پہلا سیمی فائنل، لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان دوسرا سیمی فائنل ہونا تھا تاہم ایک غیر ملکی کھلاڑی میں کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر سیمی فائنل سے چند گھنٹے قبل ہی بورڈ کی جانب سے ان مقابلوں کو اچانک ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا۔
پی سی بی ترجمان نے کہا ہے کہ اب دوبارہ مقابلے جب بھی ممکن ہوں گے، وہ ایونٹ کے پرانے طریقہ کار کے تحت ہوں گے، اس کا مطلب یہ ہوگا کہ پہلے نمبرپر موجود ٹیم ملتان سلطانز اور دوسری پوزیشن والی کراچی کنگز کے پاس فائنل تک رسائی کے لیے دو مواقع ہوں گے۔ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز دونوں ٹیمیں ایلی مینیٹر میچ میں آمنے سامنے ہوں گی، فاتح ٹیم ڈائریکٹ فائنل میں رسائی پائے گی جب کہ ہارنے والی پہلے پلے آف لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے میچ کی فاتح ٹیم سے کھیلے گی۔اس دوسرے پلے آف میں جو ٹیم کامیابی پائےگی، وہ فائنل کھیل سکے گی۔