ایران کے 23 اراکین پارلیمنٹ بھی کورونا وائرس میں مبتلا
ایران کے 23 اراکین پارلیمنٹ بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ چین کے بعد ایران کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران وہاں مزید 11 افراد کی ہلاک ہوئے ہیں۔
ایران میں مجموعی طور پر اب تک 2336 افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد 77 ہے جو کہ چین کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے۔ ایران کی پارلیمنٹ کے ڈپٹی سپیکر نے سرکاری میڈیا کو بتایا ہے کہ 23 اراکین کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ یاد رہے کہ ایران کی پارلیمنٹ کے اراکین کی تعداد 290 ہے۔
ایران کی نیم سرکاری خبر ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ ملک کے ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے سربراہ بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی فورسز کو بھی مہلک وائرس سے نمٹنے کے لیے وزارت صحت سے تعاون کا حکم دیا ہے۔
حکام کے مطابق رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کے حکم کے بعد 3 لاکھ فوجیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ ایرانی وزارت صحت کی جانب سے ملک بھر میں بڑا طبی آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت چھوٹے بڑے علاقوں میں سپرے اور دیگر احتیاطی تدابیر استعمال کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے اب تک چین میں 2945 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 80 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔