کھیل

پی ایس ایل فائیو: کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی

 

پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کے 15 ویں میچ میں کراچی کنگز نے باآسانی پشاور زلمی کو شکست دے دی۔ پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 152 رنز کا ہدف دے دیا جو اس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بابر اعظم 70 رنز  بناکر ناقابل شکست رہے۔

راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز ٹام بینٹن اور کامران اکمل نے کیا جو مایوس کن رہا اور بینٹن بغیر کوئی رن بنائے عامر کا شکار بنے، اس کے بعد آنے والے حیدر علی بھی 4 رنز بناکر عامر کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

ٹورنامنٹ میں سنچری بنانے والے کامران اکمل بھی 4 رنز بناکر عامر یامین کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ تھما بیٹھے۔ تین کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد شعیب ملک، لیام لیونگ اسٹون اور لوئس گریگوری کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔

شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کی اور 55 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ لیام لیونگ اسٹون اور لوئس گریگوری 25، 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ خیال رہے کہ پشاور زلمی کو میچ میں کپتان ڈیرن سیمی کی خدمات حاصل نہیں تھیں اور ان کی جگہ وہاب ریاض ٹیم کی قیادت کررہے تھے۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کا آغاز بھی مایوس کن تھا۔ اوپنر شرجیل خان پہلے اوور میں 4 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس کے بعد ایلکس ہیلز اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ پر 101 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی۔

105 کے مجموعی سکور پر ایلکس ہیلز 27 گیندوں پر 49 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بن گئے۔ کیمرون ڈیلپورٹ 2 اور چیڈوک والٹن 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کراچی کنگز نے 18.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔ بابر اعظم 59 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button