کھیل

‘مجھے امید ہے پاکستان ایک مرتبہ پھر کرکٹ کے لیے بہترین مقام بن جائے گا’

 

سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا کی قیادت میں دنیا کے تاریخی مارلی بون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی ٹیم 7 روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئی۔ لاہور ائیرپورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے مہمان کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔

ٹیم کی قیادت کمار سنگاکارا کر رہے ہیں جو 11 سال بعد پاکستان آئے ہیں جب کہ ‏مارلی بون کرکٹ کلب کی ٹیم 48 سال بعد پاکستان پہنچی ہے۔ انگلینڈ کا تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ مارلی بون کرکٹ کلب کی ہی ملکیت ہے اور مارلی بون کلب کو کرکٹ قوانین کے ضامن کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

ایم سی سی کے کپتان سنگاکارا نے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ 2000 میں پاکستان آیا تھا، اس وقت وقار یونس، وسیم اکرم اور انضمام الحق جیسے کئی نامور کھلاڑی پاکستان ٹیم کا حصہ تھے۔

انہوں نے پاکستان کی مہمان نواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کھانا ، افراد ، ثقافت ، تہذیب سمیت تمام چیزیں بہت اچھی ہیں، مجھے پاکستان واپس آنا اور یہاں کرکٹ کھیلنا بہت اچھا لگ رہا ہے۔

سابق سری لنکن کپتان نے کہا کہ ماضی میں میرے لیے دورہ پاکستان ہمیشہ سے میرے لیے یادگار ہوتا تھا اور سری لنکا نے جب بھی پاکستان کا دورہ کیا میں سری لنکن ٹیم کا حصہ رہا۔

سنگاکارا نے کہا کہ ہمارے بھی دورہ پاکستان کا مقصد یہی پیغام عام کرنا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ملک ہے اور پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں مدد کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ماضی میں کرکٹ کے لیے بہترین مقامات میں سے ایک رہ چکا ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ یہ ایک مرتبہ پھر کرکٹ کے لیے بہترین مقام بن جائے گا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ بنگلہ دیش اور سری لنکا جیسی جنوبی ایشیائی ٹیمیں تو پاکستان آتی رہی ہیں لیکن ہمیں ایم سی سی کے دورے کی اہمیت سمجھنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ کرکٹ کے قوانین کے محافظ ہیں۔

ایم سی سی کی ٹیم دورے میں لاہور میں چار میچز کھیلے گی۔ آج قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور ایم سی سی کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔

ایم سی سی 16 فروری کو پاکستان شاہینز کے خلاف ون ڈے میچ کھیلے گی، 17 فروری کو ناردرن اور 19 فروری کو ملتان سلطانز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ تینوں میچز ایچی سن کالج میں کھیلے جائیں گے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button