کھیل

پنڈی ٹیسٹ نسیم شاہ اور پشاور کے وقاص کیلئے یکساں یادگار میچ، مگر کیوں؟

ایاز رضا آفریدی

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان روالپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں نسیم شاہ نے ہیٹ ٹرک کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں یہ کارنامہ سرانجام دینے والے کم عمر ترین باؤلر کا اعزاز اپنے نام کیا تو پشاور کے وقاص الرحمٰن آئی سی سی ایونٹ کور کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین رپورٹر بن گئے۔

ریڈیو تہذیب سے وابستہ ینگ سپورٹس جرنلسٹ وقاص الرحمان نے اٹھارہ سال دو ماہ کی عمر میں اپنی خدمات سرانجام دیتے ہوئے کم عمر ترین جرنلسٹ کا اعزاز حاصل کیا۔

اپنا ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد وقاص الرحمان نے میڈیا کو بتایا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ ان کو یہ اعزاز ملا جس سے ان کی بہت حوصلہ افزائی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہر صحافی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ انٹرنیشنل میچ کور کرے اور یہی خواہش میری بھی تھی جو اللہ تعالی نے آئی سی سی کے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والے میچ میں پوری کردی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ صرف ایک ٹیسٹ میچ نہیں تھا بلکہ یہ ٹیسٹ چمپین شپ ہے اور، اور بھی اہمیت کا حامل ہے۔

وقاص الرحمان نے کہا کہ جب ان کے ساتھ نزدیک بیٹھے ہوئے ایک جرنلسٹ نے بتایا کہ آپ خوش قسمت ہو کہ اٹھارہ سال کی عمر میں اآپ میچ کور کررہے کیونکہ وہ پینتیس سال کی عمر میں میچ کور کر رہا ہے جس کے بعد مجھے بہت خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ نو عمری میں اپنے آئیڈیل جرنلسٹس کے ساتھ میڈیا روم میں رپورٹنگ کرتے ہوئے بہت مزہ آیا اور ان سے سیکھنے کا بہت اچھا موقع ملا۔

دوسری طرف خیبر پختونخواہ سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اور ممتاز سپورٹس جرنلسٹ اعجاز احمد دودزائی نے بتایا کہ یہ نہ صرف بڑے اعزاز کی بات ہے بلکہ اس میچ کو کور کرنے سے وقآص کو بہت زیادہ فائدہ حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ایک کھلاڑی میچ کھیلنا اپنے لئے اعزاز سمجھتا ہے اسی طرح ایک صحافی کی بھی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ایک بڑا ایونٹ کور کرے۔

اعجاز احمد نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی وقاص الرحمان اسی طرح سپورٹس جرنلزم کرتا رہے گا۔

خیبر پختونخواہ ریڈیو براڈکاسٹنگ فورم کے جنرل سیکرٹری افسر افغان کا کہنا تھا کہ سپورٹس جرنلزم ایک مشکل بیٹ ہے اور خاص کر پھر ٹیسٹ میچ کور کرنا انہتائی مشکل کام ہوتا ہے جو وقاص الرحمان نے کم عمری میں کرکے ثابت کردیا کہ دنیا میں کو ئی بھی کام مشکل نہیں ہوتا۔

انہو ں نے کہا کہ ریڈیو کے ذریعے لوگوں کو ٹیسٹ میچ کی لمحہ بہ لمحہ معلومات دینا انتہائی ضروری اور خوشی کی بات ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button