ہندوستان کو شکست دے کربنگلا دیش نے انڈرنائنٹین ورلڈ کپ جیت لیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں بنگلادیش نے دفاعی چیمپئن بھارت کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ جنوبی افریقا کے شہر پوچیف اسٹروم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
دفاعی چیمپئن بھارت کی ٹیم بنگلادیشی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکی اور پہلے کھیلتے ہوئے 48 ویں اوور میں 177 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بھارتی کی جانب سے جیسوال 88 اور تلک ورما 38 رنز بناکر نمایاں رہے، بنگلادیش کے ایویشیک داس نے 3، تنظیم حسن اور شریف السلام نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
178 رنز کے تعاقب میں بنگلادیشی بلے بازوں نے اننگز کا آغاز محتاط انداز سے کیا اور پہلی وکٹ پر 50 رنز کی شراکت قائم کی تاہم وقفے وقفے سے بنگلادیش کی وکٹیں گرتی رہیں۔
بنگلادیشی بلے باز پرویز حسین اور کپتان اکبر علی نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
بنگال ٹائیگرز کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد میچ بارش کے باعث روکا گیا جس کے بعد ڈک اینڈ لوئس سسٹم کے تحت بنگلا الیون کو جیت کے لیے 4 اوور میں ایک رنز درکار تھا جو کہ 43 ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔
یوں بنگلادیش نے دفاعی چیمپئن بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر تاریخ رقم کی اور پہلی بار انڈر 19 ورلڈکپ کا چیمپئن بن گیا۔ بنگلادیش کی جانب سے پرویز حسین 47 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ کپتان اکبر علی 43 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ بھارت کی جانب سے روی بھشنوئی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بنگلادیشی کپتان اکبر علی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست کھانے کے بعد بھارتی کھلاڑی آپے سے باہر آ گئے اور بنگلا دیشی کھلاڑیوں کے ساتھ جھگڑے پر اتر آئے۔
ورلڈ چیمپئن بننے پر بنگلا دیشی کھلاڑی میدان میں جشن منا رہے تھے جو بھارتی کھلاڑیوں کو کسی صورت نہ بھایا اور بھارتی کھلاڑی آپے سے باہر آ گئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی کھلاڑی جشن مناتے بنگلا دیشی کھلاڑیوں سے الجھ رہے ہیں۔ اس سے پہلے کے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا جھگڑا الجھتا گراؤنڈ اسٹاف نے فوری طور پر پہنچ کر پیچ بچاؤ کرایا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو علیحدہ کیا۔