انٹرٹینمنٹ

حریم شاہ اور صندل خٹک کے خلاف کاروائی کے لیے پی ٹی اے کا ٹک ٹاک کو خط

 

موبائل و انٹرنیٹ سے متعلق پاکستان کے ریگولیٹری ادارے ’پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن نے چین کی ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر متنازع ویڈیوزاپ لوڈ کرنے والی پاکستانی سٹارزحریم شاہ اور صندل خٹک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

حریم شاہ اور صندل خٹک کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر کئی متنازع ویڈیوز اپ لوڈ کیے جانے کے بعد پی ٹی اے نے ٹک ٹاک انتظامیہ سے رابطہ کیا۔ اردو نیوز کے مطابق پی ٹی اے نے مذکورہ ماڈلز کے خلاف متعدد تحریری شکایات موصول ہونے کے بعد ٹک ٹاک انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے ٹک ٹاک انتظامیہ کو دونوں ماڈلز کے خلاف کارروائی کرنے کے حوالے سے خط بھیج دیا۔ پی ٹی اے نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ حکومت پاکستان نے ٹک ٹاک انتظامیہ سے ماڈلز کے خلاف کس طرح کی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

تاہم تاحال ٹک ٹاک انتظامیہ نے پاکستانی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی تاحال دونوں ماڈلز کے اکاونٹس کو معطل کیا گیا ہے۔ 17 جنوری تک دونوں ماڈلز کے ٹک ٹاک اکاونٹ موجود تھے اور پی ٹی اے کی درخواست کے حوالے سے بھی دونوں ماڈلز نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی تھی۔

اگرچہ پی ٹی اے نے پہلے بھی ٹک ٹاک انتظامیہ سے متنازع ویڈیوز ہٹانے کے مطالبات کیے ہیں تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت نے ویڈیو شیئرنگ ایپ سے حریم شاہ اور صندل خٹک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پی ٹی اے نے دونوں سٹارز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب کہ دونوں ماڈلز کے خلاف سیاستدان بھی کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم دوسری جانب حریم شاہ اور صندل خٹک کا ماننا ہے کہ وہ کوئی غلط کام نہیں کر رہیں۔

پی ٹی اے سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے بھی دونوں ماڈلز کے خلاف تحقیقات کے آغاز کیے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں اور ایف آئی اے کی جانب سے نامعلوم الزامات کے معاملے پر ماڈلز کے خلاف تحقیقات کے حوالے سے 16 جنوری کو صندل خٹک نے لاہور کی سیشن کورٹ میں ایک درخواست بھی جمع کرائی تھی۔

صندل خٹک نے عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ ایف آئی اے انہیں ہراساں کر رہی ہے اور انہیں یہ بھی نہیں بتایا جا رہا ہے کہ ان کے خلاف کس الزام کے تحت تحقیقات ہو رہی ہیں۔

خیال رہے کہ صندل خٹک ساتھی ماڈل حریم شاہ کے ساتھ متنازع ویڈیوز بنانے کے حوالے سے ملک بھر میں شہرت رکھتی ہیں۔ دونوں ماڈلز کئی سیاسی رہنماؤں اور دیگر اہم شخصیات کے ساتھ متنازع ویڈیوز بناتی نظر آتی ہیں جب کہ حریم شاہ کی دفتر خارجہ میں بنائی گئی ویڈیو نے بھی ملک میں ایک ہنگامہ کھڑا کردیا تھا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ نے اپنی پہلی میوزک ویڈیو بھی ’نخرے باز‘ کے نام سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے جو سوشل میڈیا پرخوب وائرل ہورہی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button