باجوڑ میں بزرگ قبائلی کی اغوائیگی اور بازیابی، ملزمان فرار
باجوڑ میں نامعلوم افراد نے بزرگ قبائلی رہنماء کو اغواء کرلیا تاہم اطلاع ملنے پر پولیس کی جانب سے بروقت خارجی راستوں پر ناکہ بندیوں کے قیام کے باعث ملزمان مغوی کو گاڑی میں ہی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق اتوار کے صبح ضلع باجو ڑکے تحصیل خار کے علاقہ حاجی لونگ میں مسلح افراد نے اسلحہ کے نوک پر نور اسلام سکنہ لونڈ خوڑ حال مقیم حاجی لونگ کو دن دیہاڑے اغواء کرلیا۔
واقعہ کے بعد مقامی لوگوں نے پشاور باجوڑ شاہراہ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ سے عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء عبدالمنان کاکاجی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید صدیق اکبر جان، اسماعیل شاہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی۔
عوامی احتجاج کے نتیجے میں باجوڑ پولیس حرکت میں آگئی اور ڈی پی او باجوڑ پیر شہاب علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی گلزار خان کی قیادت میں پولیس فورس نے جگہ جگہ ناکہ بندیاں کی اور اغواء کاروں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا۔
پولیس ناکہ بندیوں کے باعث اغواء کاروں نے نوراسلام نامی شخص کو راستے میں چھوڑ دیا اور خود فرار ہوگئے۔ اغواء کاروں نے نوراسلام پر تشدد بھی کیا ہے جس سے وہ معمولی زخمی ہوگئے ہیں جن کو علاج کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کردیا ہے۔
عوام نے باجوڑ پولیس کی بروقت کاروائی کا خیر مقدم کیا اور پولیس کو شاباش دی۔