بابراعظم اس سال بھی سمرسیٹ کی نمائندگی کریں گے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم اس سال بھی سمرسیٹ کی نمائندگی کریں گے اور پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ سے قبل سمرسیٹ کی جانب سے ٹی ٹونٹی اور فور ڈے میچز کھیلیں گے۔
سمر سیٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گزشتہ سیزن میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد بابر اعظم ایک بار پھر سمرسیٹ کاؤنٹی کے لیے ایکشن میں ہوں گے۔
اس سال وہ کاؤنٹی کو 28 مئی سے تین جولائی تک دستیاب ہوں گے اور اس دوران وہ ٹی ٹونٹی بلاسٹ کے علاوہ فور ڈے کاؤنٹی چیمپئن شپ کے کم از کم 2 میچز بھی کھیلیں گے جو انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی سیریز کی تیاریوں میں انہیں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف 30 جولائی سے 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
سمر سیٹ کے ڈائریکٹر کرکٹ اینڈی ہری کا کہنا ہے کہ بابر اعظم ٹی ٹونٹی کے بہترین بیٹسمین ہیں اور ان کی واپسی کاؤنٹی کے لیے مفید ثابت ہوگی۔ بابر اعظم نے امید ظاہر کی کہ وہ ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کاؤنٹی کو فتح دلانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
بابر اعظم نے گزشتہ ٹی ٹونٹی سیزن میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور سمر سیٹ کے لیے 578 رنز بنائے تھے جو انگلینڈ کے ٹی ٹونٹی کپ میں کسی بھی بیٹسمین کی جانب سے سب سے زیادہ رنز تھے۔