جنرل سلیمانی ہلاکت، ایران نے انتقام کی علامت ’سرخ جھنڈا‘ لہرا دیا
ایرانی حکومت نے قم کی مسجد پر سرخ جھنڈا لہرا دیا ہے جو ان کی طرف سے علامتی اعلان جنگ سمجھا جاتا ہے۔
ایرانی قدس فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے، جھنڈا لہرانے کی تقریب ایران کی اپنے کمانڈر کا بدلہ لینے کی سنجیدگی کا مظہر قرار دی جا رہی ہے۔
شہر قم اہل تشیع کے لیے مقدس شہر سمجھا جاتا ہے، اس کی مشہور جمکرن مسجد پر جھنڈا لہرانے کی تقریب ریاستی ٹیلی وژن پر دکھائی گئی۔
ایرانی ثقافت میں سرخ جھنڈا نہ صرف ناانصافی پر مبنی قتل کی علامت ہے بلکہ مقتول کا بدلہ لینے کے عزم کا بھی مظہر سمجھا جاتا ہے۔ ایرانی روایت کے مطابق امام حسین ؓ کی شہادت کے بعد کربلا میں ان کے مزار پر یہ جھنڈا لہرایا گیا تھا اور اس کے بعد ابھی تک وہاں لہرا رہا ہے۔ حالیہ تاریخ میں پہلی بار جمکران کی مسجد پر اسے لہرایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 3 جنوری کو عراقی دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ کے باہر امریکی فضائی حملے میں ایران کی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی اور الحشدالشعبی ملیشیا کے رہنما سمیت متعد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔