افغانستانبین الاقوامی

ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید وفد کے ہمراہ کابل پہنچ گئے

ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سینئر پاکستانی حکام کے وفد کے ہمراہ کابل پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد افغان شوریٰ کی دعوت پر دورہ کر رہا ہے، دورہ کے دوران پاکستانی حکام کی طالبان قیادت سے پاک افغان سکیورٹی ،اقتصادی اور دیگر امور پر بات ہو گی۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے کہا کہ میری کابل میں جو بھی ملاقاتیں ہوں گی ان کا انتظام پاکستانی سفیر کریں گے، پاکستان ماضی میں افغانستان کی مدد کرتا آیا ہے اور مستقبل میں بھی افغان امن کے لئے کام کرتے رہیں گے، پریشان ہونے کی ضرورت نہیں سب ٹھیک ہو گا۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے طالبان نمائندوں سے ملاقات کی جس میں پاک افغان سرحدی سکیورٹی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات، سیکیورٹی سمیت اہم دوطرفہ امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ پاک افغان سرحدی صورتحال، مجموعی سلامتی کے مسئلے پر بھی مشاورت کی گئی اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی کہ فساد پیدا کرنے والے اور دہشت گرد تنظیمیں صورتحال کا فائدہ نہ اٹھائیں۔

ڈی جی آئی ایس آئی سے پاکستانی سفیر نے بھی ملاقات کی جس میں افغانستان سے انخلاء اور راہداری کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔ غیرملکی اور بین الاقوامی تنظیموں کے عملے کی پاکستان کے رستے وطن واپسی اور اس حوالے سے زیر التواء درخواستوں کے مسئلے پر بھی غور کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے رستے ٹرانزٹ کے لیے سہولتوں کی فراہمی کے لیے متعدد ممالک نے درخواست کی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button