افغان طالبان کا عید پر 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان
افغانستان میں طالبان نے ملک بھرمیں مذہبی تہوار عیدالفطر کے موقع پر تین روزہ فائر بندی کا اعلان کیا ہے تاکہ افغان عوام ایک بار پھر پرامن اور محفوظ ماحول میں عید کی خوشیاں منا سکیں۔
سوشل میڈیا پر جاری طالبان کے سیاسی امور کے ترجمان محمد نعیم نے اپنے ایک بیان میں عیدالفطر کے موقع پر تین روزہ فائربندی کا اعلان کرتے ہوئے افغانستان میں تمام طالبان اور مجاہدین کو اپنی تمام تر کاروائیاں روکنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
افغانستان میں ماہ شوال کا چاند نظرآنے کی صورت میں عیدالفطر کل بروز بدھ یا پرسوں بروز جمعرات متوقع ہے۔ بیان میں طالبان سے مزید کہا گیا ہے کہ اگر ان دنوں میں دشمن کوئی حملہ کرتا ہے تو اپنے اور اپنے علاقے کی حفاظت اور دفاع کے لئے تیار رہا جائے۔
طالبان کے بیان پر فوری طور پر افغان حکومت کا موقف سامنے نہیں آیا ہے تاہم توقع ہے کہ افغان حکومت طالبان کے اعلان کا خیرمقدم کرے گی۔
خیال رہے کہ افغانستان کے آج بھی دو صوبوں زابل اور پروان میں سڑک کنارے نصب بارودی بم پھٹنے کے دو الگ الگ دھماکوں میں کم از کم 13 افغان شہری جاں بحق اور 37 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔