افغانستانبین الاقوامی

کابل، تعلیمی مرکز پر خودکش حملہ، 18 افراد جاں بحق 55 سے زائد زخمی

 افغان دارالحکومت کابل میں ایک تعلیمی ادارے پر خودکش حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 18 افغان شہری جاں بحق جبکہ 55 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

دھماکہ ہفتہ کے روز بعداز سہ پہر مقامی وقت کے مطابق تقریباً ساڑھے چار بجے شہر کے مصروف ترین دشت برچی کے علاقے خشک پل میں واقع کوثر دانش نامی تعلیمی تربیتی مرکز کے باہر ہوا، افغان وزارت داخلہ کے مطابق حملے میں کم از کم 18 افغان شہری جاں بحق جبکہ 55 سے زائد افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

عینی شاہدین کے حوالے سے ملنے والی معلومات کے مطابق دھماکہ ایک ٹریننگ سنٹر کے قریب ہوا جہاں ایک خودکش بمبار نے گیٹ پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں کی مزاحمت کے بعد خود کو دھماکہ سے اْڑا دیا۔ دھماکہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقہ کا گھیراؤ کر لیا۔ فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کے بارے پتہ نہیں چل سکا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طالبان نے دھماکہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ ادھر ہفتہ کی صبح صوبہ غزنی میں دو بم دھماکوں میں 8 شہریوں سمیت 9 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

صوبائی گورنرکے ترجمان وحیداللہ جمعہ زادہ کے مطابق شہر کے علاقے روضہ میں ہوا جہاں ایک گاڑی سڑک کنارے نصب بارودی مواد سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں چار خواتین سمیت 8 شہری جاں بحق ہوئے۔

ترجمان کے مطابق دوسرا دھماکہ اْس وقت ہوا جب پولیس دھماکہ کی اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ جا رہی تھی کہ سڑک کنارے نصب دوسرے بم کے ساتھ پولیس کی گاڑی ٹکرا گئی جس کے باعث پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔

دریں اثناء جنوب مغربی صوبہ نمروز میں طالبان نے حملہ کر کے زیرتعمیر کمال خان ہائیڈرو اینڈ ایریگیشن ڈیم کی حفاظت پر مامور 6 سیکیورٹی اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اْتار دیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button