وقوفِ عرفہ آج ادا کیا جائے گا، لاکھوں عازمین حج میدان عرفات میں جمع

مکہ مکرمہ میں حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ آج ادا کیا جائے گا، جس کے لیے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین حج میدانِ عرفات میں جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ تاریخی مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیا جائے گا، جسے لاکھوں حجاج براہ راست سنیں گے۔
سعودی وزارتِ اسلامی امور کے مطابق مسجد نمرہ اور میدانِ عرفات میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ غروبِ آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے اور مغرب و عشا کی نمازیں ملا کر ادا کریں گے۔
مسجد نمرہ میں قالین اور پھوار والے پنکھے نصب
عازمینِ حج کو سکون اور آرام دہ ماحول فراہم کرنے کے لیے مسجد نمرہ کے ایک لاکھ 25 ہزار مربع میٹر رقبے پر قالین بچھا دیے گئے ہیں، جبکہ گرمی سے بچاؤ کے لیے پھوار والے پنکھے نصب کیے گئے ہیں جو درجہ حرارت میں اوسطاً 9 ڈگری کمی لاتے ہیں۔
خطبہ حج کے بعد حجاج ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے اور سورج غروب ہونے تک میدانِ عرفات میں قیام کریں گے۔ بعد ازاں مزدلفہ روانگی ہوگی، جہاں کنکریاں چننے کے بعد اگلے دن رمی کے لیے تیاری کی جائے گی۔
رمی، قربانی، حلق اور احرام کی تکمیل
کل 10 ذوالحج کو حجاج کرام بڑے شیطان کو 7 کنکریاں ماریں گے، قربانی کریں گے اور حلق یا قصر کروا کر احرام کھول دیں گے۔ 11 ذوالحج کو تینوں شیطانوں کو 7،7 کنکریاں ماری جائیں گی جبکہ 12 ذوالحج کو زوال کے بعد ایک بار پھر رمی کی جائے گی۔ 13 ذوالحج کو رمی کے بعد حجاج منیٰ سے واپسی اختیار کریں گے۔
پاکستانی عازمین کی شرکت
ریڈیو پاکستان کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت تقریباً 89 ہزار پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جبکہ 23 ہزار 620 پاکستانی نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے فریضہ حج ادا کر رہے ہیں۔ حکومت پاکستان نے منیٰ میں عازمین کی منتقلی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
سرکاری اسکیم کے تحت 88 ہزار سے زائد عازمین کو 932 بسوں کے ذریعے منیٰ پہنچایا گیا ہے۔