سیلفی کھینچیے اور جان جائیے آپ کب تک جی سکتے ہیں!

کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ آپ کی ظاہری عمر اور آپ کی اصل (حیاتیاتی) عمر میں فرق ہو سکتا ہے؟ اور کیا ایک تصویر، صرف ایک سیلفی، آپ کی صحت اور زندگی کی ممکنہ مدت کے بارے میں کچھ بتا سکتی ہے؟ اب یہ سب ممکن ہو چکا ہے۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی ایک نئی ٹیکنالوجی جسے فیس ایج (FaceAge) جاتا ہے، انسانوں کے چہروں کو پڑھ کر ان کی "حقیقی عمر” بتا سکتی ہے، وہ بھی بغیر کسی خون کے ٹیسٹ یا میڈیکل اسکین کے۔
فیس ایج کیا ہے؟
فیس ایج ایک جدید اے آئی ٹول ہے جسے بوسٹن میں ماس جنرل بریگھم کے سائنس دانوں نے تیار کیا ہے۔ یہ ٹول کسی بھی شخص کے چہرے کی تصویر کو دیکھ کر نہ صرف اس کی بائیولوجیکل ایج (حیاتیاتی عمر) کا اندازہ لگا لیتا ہے، بلکہ یہ یہ بھی بتا سکتا ہے کہ ایک ہی عمر کے دو افراد کی زندگی کی متوقع مدت میں کتنا فرق ہو سکتا ہے۔
ظاہری عمر بمقابلہ حقیقی عمر
عام طور پر ہم کیلنڈر کے لحاظ سے اپنی عمر کا حساب لگاتے ہیں، لیکن سائنس دانوں کے مطابق اصل عمر وہ ہے جو ہمارے جسم کی اندرونی کیفیت سے جڑی ہوتی ہے۔ فیس ایج اس اندرونی کیفیت کو ہمارے چہرے کے خدوخال، جھریوں، جلد کی ساخت اور دیگر بصری علامات سے پہچان لیتا ہے۔ یعنی اگر آپ 50 سال کے ہیں، تو فیس ایج بتا سکتا ہے کہ آپ کا جسم 45 سال کا لگتا ہے یا 60 کا۔
زندگی کی پیش گوئی… صرف تصویر سے؟
یہ اے آئی سسٹم کسی جادو کا نام نہیں، بلکہ سائنسی تحقیق اور ڈیٹا اینالیسز کا نتیجہ ہے۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ فیس ایج یہ نہیں بتاتا کہ کوئی شخص کب مرے گا، لیکن یہ ایک ماہر ڈاکٹر کی طرح اندازہ لگا سکتا ہے کہ ایک شخص کی صحت کس سمت جا رہی ہے۔
یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں میڈیکل فیلڈ کے لیے ایک انقلابی قدم ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ یہ بغیر کسی جسمانی مداخلت کے صحت کی پیشگی جانچ میں مدد دے سکتی ہے۔
مستقبل کے امکانات
فیس ایج کو طبی تشخیص، ہیلتھ انشورنس، فٹنس پروگرامز، اور حتیٰ کہ سیکیورٹی سسٹمز میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جلد ہی ایک عام انسان بھی اپنی سیلفی سے اپنی بائیولوجیکل ہیلتھ کے بارے میں جان سکے گا۔ یہ ممکنہ طور پر بیماریوں کی پیشگی تشخیص اور طرزِ زندگی میں بہتری کے لیے ایک قیمتی ذریعہ ثابت ہو گا۔